حکومتیں شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں ،قومی کمیشن برائے امن و انصاف

بدھ 27 جولائی 2022 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2022ء) قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعیم یوسف گل نے کہا ہے کہ حکومتیں شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں تاہم وہ اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں،آئین اور بین الاقوامی قوانین میں انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، مینارٹیز کمیشن ایکٹ آف پارلیمنٹ نہیں ہے یہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے قائم کیا گیا ہے، سیاسی جماعتوں اور حکومتی نمائندوں کی کمیشن میں موجودگی کے باعث کمیشن پوری آزادی کیساتھ کام نہیں کر سکتا لہذاٰ اسے دوبارہ حقیقی روح کیمطابق تشکیل دیا جائے۔

(جاری ہے)

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے دیگر ساتھیوں ظفر اللہ خان ایگزیکٹو ڈائریکٹروڑن 2047ء کوآرڈینیٹر قومی کمیشن کاشف اسلم، صحافی ،محقق ہارون بلوچ اور ریجنل ڈائریکٹر قومی کمیشن برائے امن و انصاف فادر سرفراز سائمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعیم یوسف گل نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردار کی مطابق انسانی حقوق کے اداروں کے قیام کیلئے راہنماء اصول طے کئے گئے ہیں جن کے مطابق انسانی حقوق کی پامالی کی شکایت وصول کر کے تحقیق کرنا، ثالثی کے ذریعے تناعات کا حل،انسانی حقوق کا تحفظ، تعلیم، ذرائع ابلاغ، نشرو اشاعت،تربیت، آئوٹ ریچ اور کپسٹی بلڈنگ شامل ہیں، 2013ء میں آل سینٹس چرچ پشاور میں خودکش دھماکہ کے بعد اس وقت کے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک تاریخ ساز فیصلہ دیتے ہوئے حکومت کو اقلیتوں کے کمیشن کی تشکیل کا حکم دیامگر حکومت کی جانب سے اس فیصلہ پر مسلسل عملدرآمد سے مسلسل گریز کیا گیا اور آخر کار پانچ سال کی تاخیر سے 2019 ء میں عدالت نے ایک ریٹائرڈ پولیس آفیسر ڈاکٹر شعیب سڈل کی سربراہی میں ایک رکنی کمیشن تشکیل دیدیا، حکومت کی جانب سے بنایا جانے والاقومی کمیشن اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور کردہ قرار داد 134/48سے انحراف ہے، حکومت کی جانب سے قائم کئے جانیوالے کمیشن میں سیاسی جماعتوں اور حکومتی نمائندوں کی موجودگی کے باعث کمیشن پوری آزادی کیساتھ کام نہیں کر سکتا،سرکاری افراد کی کمیشن میں موجودگی پیرس اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر اقلیتوں کو شدید تحفظات ہیں لہذاٰ اس کمیشن کو فوری طور پر دوبارہ سے نئے سرے سے اسکی حقیقی روح کیمطابق تشکیل دیا جائے تاکہ اس کمیشن کے مقاصد پورے کئے جاسکیں۔