ژ*کوئٹہ،پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، این 25 اگھور کوسٹل ہائی وے بحال کردیاگیا

جمعہ 29 جولائی 2022 21:15

+ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جولائی2022ء) پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، این 25، اگھور کوسٹل ہائی وے بحال کردیاگیا۔ملک بھر میں بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق اوتھل میں 4 دیہات کے 2300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا اور متاثرہ آبادی کو پناہ گاہ اور پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ اور کراچی کو ملانے والی این 25 شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، یہ شاہراہ پل گرنے کے باعث 4 مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بلاک ہوگئی تھی۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ پی ٹی اے کے تعاون سے بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں ٹیلی کمیونی کیشن بحال کردی ہے جب کہ فوج کی ڈی واٹرنگ ٹیموں نے گوادرکا علاقہ کلیئرکردیا ہے، اگھور میں بند کوسٹل ہائی وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق شاہراہ قراقرم اور جگلوٹ اسکردو روڈ کو ایف ڈبلیو او نے کھول دیا، سیلابی ریلے کی وجہ سے ضلع غذر کا رابطہ منقطع ہوا تاہم غذر کے علاقے میں مواصلاتی نظام بحال کردیا گیا ہے جب کہ مقامی لوگوں کو خوراک اور ادویات فراہم کی گئی ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لٹھ ڈیم کے بھرنے سے ایم نائن شاہراہ مختلف مقامات پر زیر آب آگئی جس کے بعد ٹیمیں سڑک کو صاف کرنے کے لیے بھاری مشینری کے ساتھ کام کررہی ہیں