ایس ایس ڈی او نے پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے کیسز کو کم کرنے کے حوالے سے تعاون کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک کا اجراء کر دیا

جمعہ 29 جولائی 2022 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2022ء) انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ا یس ایس ڈی او )نے پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے کیسز کو کم کرنے میں مدد کرنے کے لئے ا س مسئلے پر کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک کا اجراء کر دیا۔ ایس ایس ڈی او پاکستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پارلیمنٹرینز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، متعلقہ سرکاری محکموں کے حکام، عدلیہ اور پراسیکیوشن، میڈیا اور متاثرین کو خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور انسانی سمگلنگ و جبری مشقت کے خلاف ان کی استعداد کار میں اضافےکے لئے کا م کر رہا ہے۔

ایس ایس ڈی او کا مقصد انسانی سمگلنگ کو کم کرنے کے لئے اصلاحی قانونی فریم ورک کے نفاذ کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ اس جرم کے مقدمات کے اندراج، تفتیش، اور پراسیکیوشن کو مزیدبہتر بنایا جا سکے اور متاثرین کو خدمات یا بحالی کے لیے براہ راست ریفرل کرنے کے طریقوں کو تیار کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس نے کہا کہ میں انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم کو روکنے کے لیے معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں ، انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ہم نے ملک بھر میں اس مسئلے پر کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک کا اجراء کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہم نےمتاثرین کی مدد اور عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے اپنی ہیلپ لائن بھی شروع کی ہے، میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اس مقصد میں ہمارا ساتھ دیں۔ا یس ایس ڈی او کا مقصد انسانی سوداگری کو کم کرنے کے لئے اصلاحی قانونی فریم ورک کے نفاذ کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ انسانی سمگلنگ کے مقدمات کے اندراج، تفتیش، اور پراسیکیوشن کو مزید بڑھایا جا سکے اور متاثرین کو خدمات یا بحالی کے لیے براہ راست ریفرل کرنے کے طریقوں کو تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شروع کی گئی ہیلپ لائن "03331110566" انسانی سمگلنگ کے متاثرین اور جبری مشقت کے خاتمے کے لیے رابطے کے ایک اہم ذریعے کے طور پر کام کرے گی اور انہیں مفت قانونی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن ہر سال 30 جولائی کو منایا جاتا ہے، ایس ایس ڈی او نے انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، سکھر اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں اس مسئلے کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا جس کا مقصد انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت کے خلاف آگاہی پیدا کرنا تھا۔ واک میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔