حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھی شہادت قبول کر کے قیامت تک کے لئے زندہ ہو گئے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

جمعہ 29 جولائی 2022 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام کی حق و صداقت کے لئے دی جانے والی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ نواسہ رسول نے ظلم و بربریت، شعائر دین کی خلاف ورزی اور یزیدی فاشزم کے خلاف صدائے حق بلند کرتے ہوئے جبر کے خلاف سر جھکانے سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھی شہادت قبول کر کے بھی قیامت تک کے لئے زندہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ شہادتِ امام حسین یہ ہے کہ جب بات غیرت دین اور شعائر اسلام کی ہو تو سر مت جھکا اور ظالم کے سامنے ڈٹ جانا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺحسنین کریمین سے والہانہ محبت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یزید اور اس کے بدبخت ساتھیوں نے اس فرمانِ رسول کی نفی کرتے ہوئے اہل بیت اطہار پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے اور قیامت تک کے لئے خود کو لعنت کا مستحق ٹھہرا لیا۔