Live Updates

پی ٹی آئی کے واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

اپوزیشن اتحاد امیدوار علی حیدر گیلانی انتخاب کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئے

ہفتہ 30 جولائی 2022 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپیکر کیلئے واثق قیوم عباسی کو امیدوار نامزد کیا تھا اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، مسلم لیگ ن، پی پی اپوزیشن اتحاد نے علی حیدر گیلانی کو پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما پیر اشرف رسول نے اپوزیشن کے امیدوار علی حیدر گیلانی کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے لیکن جمع نہیں کرائے جاسکے۔ اس کے نتیجے میں ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار علی حیدر گیلانی انتخاب کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئے اور پی ٹی آئی حکومتی اتحاد کے واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر بن گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما واثق قیوم عباسی نے کہا کہ اللہ جسے چاہے عزت اورذلت دے، اپوزیشن کی طرف سے کوئی بھی امیدوارسامنے نہیں آیا،پنجاب کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا، امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا تھا،فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

کل کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کی حلف برداری ہو گی۔ واضح رہے کہ واثق قیوم عباسی نے 2018ئ کے الیکشن میں پی پی 12 راولپنڈی 7 سے سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کو بھاری ووٹوں سے شکست دی تھی۔ واثق قیوم عباسی نے 27 ہزار 315 جبکہ ان کے مدمقابل نثار علی خان نے 11 ہزار 99 ووٹ حاصل کیے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات