تھرکول بلاک ون کے متاثرہ افراد کو مناسب طریقے سے آباد کیا جائے گا ،مراد علی شاہ

بلاک I میں کام کرنے والے شنگھائی گروپ کو رہائشی کالونی کی تعمیر میں تیزی لانی چاہیے تاکہ متاثرہ لوگوں کو وہاں آباد کیا جا سکے،وزیراعلیٰ سندھ کی وفد سے گفتگو

پیر 1 اگست 2022 22:28

تھرکول بلاک ون کے متاثرہ افراد کو مناسب طریقے سے آباد کیا جائے گا ،مراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2022ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر کول بلاک ون کے متاثرہ افراد(پی اے پیز)کو تمام تر سہولیات سے آراستہ کالونیاں قائم کر کے مناسب طریقے سے آباد کیا جائے گا۔بلاک I میں کام کرنے والے شنگھائی گروپ کو رہائشی کالونی کی تعمیر میں تیزی لانی چاہیے تاکہ متاثرہ لوگوں کو وہاں آباد کیا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے یہاں وزیراعلی ہاس میں شنگھائی الیکٹرک گروپ کے صدر لیو پنگ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کے اراکین میں نائب صدر مسٹر یی ژیان رونگ، چیئرمین بلاک-1 پاور جنریشن کمپنی مسٹر مینگ ڈونگائی اور دیگر متعلقہ افراد شامل تھے جبکہ وزیراعلی سندھ کی معاونت وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کی۔

(جاری ہے)

وزیر توانائی امتیاز شیخ نے وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلاک ون میں کام شروع ہونے سے دو دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے آس پاس کے خاندان بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت انہیں ایک کالونی ، بہترین منصوبہ بندی کے تحت تعمیر شدہ مکانات فراہم کرے گی۔امتیاز شیخ نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ شنگھائی گروپ نے متاثرہ افراد کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے 50 فیصد ادائیگی کی ہے اور جیسے جیسے کام آگے بڑھتا جائے گا کمپنی بقایا 50 فیصد رقم ادا کرے گی۔

اس پر وزیراعلی سندھ نے امتیاز شیخ کو ہدایت کی کہ وہ علاقے کی ضرورت کے مطابق مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔بلاک I کے متاثرہ لوگوں کی کالونی کو پانی، بجلی، سڑکیں، سبزہ/درخت لگانے، کمیونٹی ہال، ہندو اور مسلمانوں کے لیے الگ اسکول اور ڈسپنسری جیسی تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔صدر شنگھائی گروپ مسٹر لیو پنگ نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ زمین کا حصول مکمل نہیں ہوا ہے۔

اس پر وزیر توانائی نے کہا کہ حصول اراضی کے زیادہ تر معاملات کو حل کر لیا گیا ہے اور صرف 660 ایکڑ اراضی کسی مسئلے کی وجہ سے زیر التوا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے چینی گروپ کو یقین دلایا کہ زمین کے باقی ماندہ مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے۔مراد علی شاہ نے آنے والے مہمانوں کو بتایا کہ ان کی حکومت نے صوبے میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔واضح رہے کہ شنگھائی گروپ تھر بلاک I میں کوئلے سے چلنے والے 260 میگاواٹ کے دو پاور پلانٹس لگا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :