پاکستان ریڈ کریسنٹ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع

پیر 1 اگست 2022 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2022ء) پاکستان ریڈ کریسنٹ (پاکستان ہلال احمر)کی سندھ شاخ نے پہلی آگست 2022 کو مون سون کی شدید بارشوں کے دوران فوری طور پر صوبہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان روانہ کرنا شروع کردیا اور بلوچستان میں پانی صاف کرنے کے پلانٹ لگانے کے لیے اپنی تکنیکی ٹیمیں تعینات کردی۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پیر کو کراچی میں پاکستان ہلال احمر کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا اور اس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوے بتایا کہ آج بڑی تعداد میں امدادی اشیا بشمول چولہے، بچوں اور خواتین کے لیے حفظان صحت کی کٹس، مچھر دانیاں، کچن سیٹ، جیری کین، ترپال کی چادریں، ہریکین لیمپ، شیلٹر ٹول کٹس، کمبل، جیکٹس، واٹر فلٹر، شالیں، بالٹیاں وغیرہ ٹھٹھہ، بدین اور دادو روانہ کی جا رہی ہیں جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد امداد کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

کنور وسیم نے مزید کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ-سندھ اپنے رضاکاروں پر مشتمل کی ایک تکنیکی ٹیم کو ضلع جھل مگسی بھیج رہا ہے تاکہ بلوچستان ہلال احمر کی مدد سے پانی صاف کرنے کا پلانٹ لگایا جا سکے، جو سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو روزانہ ہزاروں لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا۔ پاکستان ہلال احمر سندھ کے افسران بشمول ڈیزاسٹر مینجمنٹ منیجر، فرسٹ ایڈ کوآرڈینیٹر، ٹرانسپورٹ آفیسر، ایمرجنسی رسپانس آفیسر، ایمرجنسی آپریشن سینٹر آفیسر، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن آفیسر، فنانس منیجر اور دیگر متعلقہ عملے کے ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔