اسرائیل کا حزب اللہ پر لبنان کے ساتھ سرحد کی حد بندی میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام

منگل 2 اگست 2022 13:36

اسرائیل کا حزب اللہ پر لبنان کے ساتھ سرحد کی حد بندی میں رکاوٹ ڈالنے ..
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2022ء) اسرائیل نے حزب اللہ پر لبنان کے ساتھ سمندری سرحد کی حد بندی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ الزام بیروت پہنچنے والے امریکی ثالث آموس ہوچسٹین کی اسرائیل کے ساتھ سمندری سرحدوں کی حد بندی کی فائل پر بات کرنے کے لیے لبنانی حکام سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ۔

امریکی ثالثی کی ان کوششوں کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ۔پچھلے مہینے کے آغاز میں کریش گیلڈ فیلڈ کے قریب آنے والے ایک بحری جہاز کے واقعے کے بعد لبنان اور اسرائیل کے درمیان سمندری سرحد کی حد بندی کے معاملے سے متعلق پیشرفت میں تعطل کے بعد دو طرفہ الزامات میں تیزی آئی ۔ اس مقام پر اسرائیل کا ایک بحری جہاز داخل ہوا جس پر لبنان نے یہ کہہ کر احتجاج کیا کہ کریش ایک متنازع مقام ہے جس میں اسرائیل کی مداخلت کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

ہوچسٹین نے اپنے دورے کا آغاز پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل عباس ابراہیم، وزیر توانائی ولید فیاض اور آرمی کمانڈر جوزف عون سے ملاقات سے کی اور وہ صدر میشل عون اور نگراں وزیراعظم نجیب میکاتی سے ملاقات کریں گے۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ہوچسٹین کا دورہ امریکی انتظامیہ کے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کے دائرے میں آتا ہے۔ محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کا کسی حل تک پہنچنا ضروری اور ممکن ہے، لیکن یہ کام صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔لبنان اور اسرائیل کے درمیان 2020 میں امریکی ثالثی سے شروع ہونے والے مذاکرات کو متنازعہ علاقے کے رقبے پر اختلافات کے باعث گذشتہ سال مئی میں روک دیا گیا تھا۔