Live Updates

فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو ہندوستان اور یہودی لابی لے کر آئی، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی خواجہ آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 2 اگست 2022 18:13

فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو ہندوستان اور یہودی لابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2022ء) وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو ہندوستان اور یہودی لابی لے کر آئی۔ منگل کو وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو اپنے برخوردار سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قرار دیا گیا، یہاں عمران خان غلے سے پیسے نکالتے پکڑے گئے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی سربراہ کی پوزیشن سے ہٹا دیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسر اسرار احمد نے تیس سال پہلے کہا تھا اور نام لے کر کہا تھا کہ عمران خان کو یہودی لابی لے کر آئے گی اور وہ پاکستان کو تباہ کرنے آئے گا۔ ایاز صادق نے کہا کہ یہ تو وہ پیسے ہیں جن کا پتہ چلا ہے ابھی تو ہنڈی کے پیسے کا تو پتہ ہی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں شروع سے جانتا ہوں عمران خان کو لوگوں کے پیسے خرچ کرنے کی عادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہو گیا ہے کہ ہندوستان اور یہودی لابی اسے لے کر آئی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو توشہ خانہ کا ریفرنس بھی پڑا ہے۔ پی ٹی آئی کو فنڈنگ کرنیوالی لسٹوں میں ہندئوں اور فارن کمپنیز شامل ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ عارف نقوی کا برطانیہ میں کیس چل رہا ہے۔ امریکا انہیں وہاں سے اپنے ہاں منتقل کرنا چاہتا ہے، عارف نقوی کے ساتھ ان کے ساتھیوں کو بھی منتقل کیا جائے گا۔

ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا کیلی فورنیا کورٹ والے کیس میں ڈی این اے بھی کرایا جائے گا۔ اب کابینہ دیکھے گی اس میں منی لانڈرنگ، فیٹف قوانین میں آتے ہیں یا نہیں۔ یہ چوری کرتے پکڑے گئے اب دیکھنا ہے ان پر آرٹیکل 62 اور 63 لگتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عمران خان فنانشل ٹائمز کیخلاف کیس کریں گے اگر نہیں کریں گے تو لگے گا کہ وہ ٹھیک تھے۔

جو کمپنیاں انہیں پیسے دیتی رہیں ان سے بھی پوچھا جائے گا، انہیں کیلی فورنیا کورٹ میں بھی جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم تھا امریکا انہیں لے جائے گا اس لیے انہوں نے امریکا کیخلاف بولنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کس کے لیے پیسے اکٹھے کرتی تھی تحقیقات میں بہت کچھ نکلے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیب عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے حوالے سے بند کرنے کیلئے تجویز کردہ کیسز کو کھولے گا اور پاکستان کی عوام، پاکستان کی حکومت اور ادارے ان پر پورا ہاتھ ڈالیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات