Live Updates

میرا الزام سچ ثابت ہوا،اب عمران تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے فوری استعفے دیں،اکبر ایس بابر

۵عمران خان آئوٹ ہوچکے ہیں اور اب یہ طے کرنا باقی ہے کہ وہ کلین بولڈ ہیں یا سلپ پر کیچ ہوئے، میڈیا سے گفتگو

منگل 2 اگست 2022 19:33

میرا الزام سچ ثابت ہوا،اب عمران تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے فوری استعفے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2022ء) پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے فوری استعفے کا مطالبہ کردیا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ کیس بالکل واضح ہے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر فرد جرم عائد کردی ہے اور شوکاز نوٹس دے دیا ہے کہ درخواست گزار کی جانب سے لگائے جانے والے تمام الزامات ثابت ہوچکے ہیں انہوںنے کہاکہ اس لیے سمجھتاہوں کہ وقت آگیا ہے کہ تحریک انصاف میں رجیم چینج ہو۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے، اس بڑے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کو اس کے نظریاتی کارکنان کے حوالے کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ کوئی وجہ نہیں کہ عمران خان استعفیٰ نہ دے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے قبل الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ جنگ حق و باطل کے درمیان تھی اور اس میں جیت سچائی کی ہوگی، فیصلہ جو بھی آئے اس حوالے سے ہم سپریم کورٹ میں بھی جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری نظر میں عمران خان آئوٹ ہوچکے ہیں اور اب یہ طے کرنا باقی ہے کہ وہ کلین بولڈ ہیں یا سلپ پر کیچ ہوئے۔اکبر ایس بابرکا کہنا تھا کہ پوری توقع ہے کہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا، 8 سال پہلے دو رکعت نفل پڑھے تھے اور آج بھی دو رکعت نفل پڑھ کر نکلا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے انصاف کی دعا کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں یہاں تک پہنچنا بھی بہت بڑی بات ہے، میں آخری وقت تک لڑوں گا اور فتح پاکستان کی ہوگی انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے غیر ملکی اور ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے کیسز کے فیصلے سنائے تاکہ سیاسی جماعتوں میں شفافیت آسکے انہوں نے کہاکہ مجھے تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ لڑنے کیلئے مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت نے کوئی فنڈنگ نہیں دی ہے میں نے مسلم لیگ ن کے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت موجودہ وزیر داخلہ کو خطوط لکھے تھے کہ ملازمین کے نام پر کھولے جانے والے بنک اکاونٹس کی تحقیقات کی جائیں مگر کسی نے بھی میرے خط کا جواب نہیں دیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات