Live Updates

الیکشن کمیشن آ ف پاکستان نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، اراکین سندھ کابینہ

وفاقی حکومت تحقیقی اداروں کو فوری متحرک کرے اور عمرا ن خا ن اور ان کے ساتھیو ں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جائیں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ، سید ناصر حسین شاہ ، سیدہ شہلا رضا ، تیمور ٹالپر اور معاو ن خصو صی قاسم نوید کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 2 اگست 2022 21:11

الیکشن کمیشن آ ف پاکستان نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، اراکین سندھ کابینہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2022ء) اراکین شرجیل انعام میمن ، سید ناصر حسین شاہ ، سیدہ شہلا رضا ، نواب تیمور ٹالپر اور قاسم نوید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، ثابت ہوگیا کہ عمران خان انٹرنیشنل چور ہے، جس نے نہ صرف قوم کو دھوکا دیا ہے ، اس بہروپئے شخص نے پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

پاکستان کا سابق وزیر اعظم سب سے بڑا منی لانڈرر نکلا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارے ایف آئی اے سمیت نیب ، ایف بی آر ، اسٹیٹ بینک کو فوری طور متحرک کیا جائے۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے نام پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جائیں تاکہ یہ لوگ ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے اور اگر قانون اجازت دے تو عمران خان کو گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بنا ہے ، اب ہمارے ملک کو چیرٹی کون دیگا ، اس شخص کی حرکتوں کی وجہ سے پوری دنیا کو غلط مسیج گیا ہے۔ فیصلہ سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان سے بڑا چور، منافق بہروپیہ پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان کے ذاتی مفادات تھے ، شوکت خانم اور پی ٹی آئی کے نام سے فنڈز لئے اور اس میں دو نمبری کی۔ اس کے چہرے سے شرافت کا ماسک اتر چکا ہے۔ یہ شخص پاکستان کی سیاست میں ناسور بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر پاکستان کی سیاست میں اسرائیل اور انڈیا کے لوگ کیوں فنڈنگ کر رہے ہیں ، عمران خان ان کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

یہ فرح گوگی ، اور عارف نقوی جیسے ڈکلئرڈ لوگوں کا دفاع کرتے رہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے فیصلے کی رو سے عمران خان پر پابندی لگنی چاہیے کیونکہ یہ شخص صادق و امین نہیں رہا۔ یہ شخص جو صادق و امین کے سرٹیفکیٹ لے کر چلتا تھا۔ ہم نے اس وقت بھی کہا تھا یہ صادق و امین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہسٹری شیٹر اور کارپوریٹ کرمنل شخص ہے۔

ان کو اور ان کے ساتھیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور اس کیس کو مثال بنایا جائے۔ قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے ، کوئی لاڈلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سابق وزیر اعظم سب سے بڑا منی لانڈرر نکلا۔ پوری دنیا کے ممالک میں کمپنیاں بنا کر پیسے جمع کروائے اور وہ پیسے اپنی ذات کے لیے استعمال کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پونے چار سالہ دور میں جو بھی اقدامات ہوئے ان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی پر بات نہیں رکے گی۔ نا اہل قرار دینا کسی جرم کی سزا نہیں۔ باہر سے آنے والے پیسے عمران خان نے اپنی عیاشیوں پر اڑائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی کی آبزرویشن نہیں،یہ فیصلہ آئینی ادارے کا فیصلہ ہے، جو کہ آٹھ سال کی کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے درخواست ہے کہ ان سب کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فوری نوٹیفکیشن جاری کریں کیونکہ اب وفاقی حکومت پر لازم ہے کہ ان کے خلاف کارروائی کرے۔

اب لاڈلہ ازم کا خاتمہ کرنا پڑے گا،اگر ایسا نہ ہوا تو عوام سڑکوں پر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ بہت جلد پی ٹی آئی کالعدم تنظیم بن جائے گی، یہ ضروری ہے کہ کالعدم تنظیم کے سربراہ عمران خان اور ان کی جماعت پر پابندی لگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کی صفائی کی جائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں ، جو آٹھ سال تک ڈٹے رہے اور کیس کی پیروی کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں اخلاقی جرات ہے تو فوری طور پر چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیں اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا اعلان کریں۔ فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی والے اپنے فیس سیونگ کے لیے ایسے بیانات جاری کر رہے ہیں۔ ان کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک اس کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا کہ لاڈلے عمران خان کو ہر بار نکلنے کا محفوظ راستہ دیا جائے۔

عوام میں اس وقت شدید غم و غصہ ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شوکت خانم بہترین ادارہ ہے ، ایسے 100 ادارے ملک میں ہونے چاہیے۔ لیکن شوکت خانم کی چیرٹی کے پیسے پر عمران خان نے عیاشیاں کی ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال کا آڈٹ ہونا چاہیے، اگر دو نمبری ثابت ہو تو وفاقی حکومت اس کو اپنی تحویل میں لے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یہ کیس 2008 سے 2013 کا ہے اس شخص نے اس وقت بھی کرپشن کی جب یہ اقتدار میں نہیں تھا۔

عمران خان انٹلیکچول کرپٹ ہیں۔ جھوٹی باتیں کر کے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم بنائی جائے تاکہ مزید چیزیں سامنے آئیں۔ وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ دوسروں پر الزام لگانے والا سب سے بڑا ڈاکو اور چور نکلا۔ عمران خان نے آئین کی خلاف ورزی کی اور اکا?نٹس چھپائے۔ یہ ثابت ہوگیا کہ یہ امورٹڈ پارٹی ہے۔

اب یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ کن مقاصد کے لئے امپورٹڈ کی گئی۔ کس نے ان کو امپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے بعد وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں جائے۔ صوبائی وزیر جنگلات نواب تیمور ٹالپر نے کہا کہ یہ شخص نسل در نسل کرپٹ ہے۔ ان کے والد بھی کرپٹ تھے۔ ان کا بیٹا بھی کرپٹ نکلا۔ عمران خان بیرونی ممالک کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کام کر رہے تھے۔

یہ بیرونی ممالک کاایجنٹ ہے۔ عمران خان را کا ایجنٹ ہے ، بیرونی طاقتیں چاہیں گی کہ یہ شخص باہر نکل جائے ، اس لئے فوری طور پر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے اور مزید تحقیقات کی جائے۔ معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید نے کہا کہ ہمیں شرم آتی ہے کہ ہمارے سابق وزیراعظم منی لانڈرر نکلے۔ جب ہم بیرونی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے جائیں گے تو کیا جواب دینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات