Live Updates

الیکشن کمیشن میں جھوٹا حلف نامہ داخل کرانے پر عمران خان سمیت پوری پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیا جائے ، نثار کھوڑو

منگل 2 اگست 2022 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر و سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان صادق اور امین نہیں رہے اس لئے عمران خان پر آرٹیکل 62 ,63 لاگو کرکے انہیں تاحیات نااہل کیا جائے، صادق امین نہ رہنے کے ثبوت آنے کے بعد عمران خان پی ٹی آئی کے چیئرمین کے عہدے پر رہنے کا بھی جواز کھو گئے ہیں، اس لئے جو شخص صادق امین نہ ہو وہ اب پی ٹی آئی تو کیا کسی اور پارٹی کا بھی سربراہ نہیں رہ سکتا۔

جاری بیان کے مطابق نثار کھوڑو نے مطالبہ کیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جھوٹا حلف نامہ داخل کرانے پر عمران خان سمیت پوری پی ٹی آئی کو نااہل قرار دے کر پی ٹی آئی کی رجسٹریشن منسوخ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوچکا ہے،غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنا غیر آئینی عمل اور جرم ہے۔

انہوں نے کہا کے عمران خان نے 13 بینک اکاؤنٹس چھپائے اور اس غیر قانونی فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار پیدا کیا جبکہ خیرات کے پیسوں کو بھی غیر قانونی طور پر اپنی جماعت کے لئے استعمال کرکے ملک کے خلاف سازش کی ہے۔ انہوں نے کہا کے عمران خان جھوٹا شخص ہے جس نے خیرات کی فنڈنگ لے کر اوورسیز پاکستانیوں سمیت پوری قوم سے دھوکا کیا ہے۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ عمران خان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا عمران خان جس چیف الیکشن کمشنر پر الزامات عائد کررہے ہیں اسی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بھی عمران خان نے کی تھی۔انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کو یہ اندازہ ہوگیا کہ فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ ان کے خلاف آئے گا تو انہوں نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنا شروع کیا۔ انہوں نے کہا کے الیکشن کمیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے پی ٹی آئی کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاکر عمران خان کی چوری کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کے عمران خان نے 2008 سے 2013 تک غلط بیان حلفی جمع کرایا جس کی سزا نااہلی ہی ہے۔انہوں نے کہا کے دوسروں کو منی لانڈرر کہنے والہ عمران خان آج بین الاقوامی منی لانڈرر کے طور پر پکڑا گیا ہے اور قوم عمران خان کے منطقی انجام تک پہنچنے کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کے اگر تحرک انصاف کے پاس دیگر سیاسی جماعتوں کے غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات