وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، قمر زمان کائرہ

بدھ 3 اگست 2022 16:51

وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہر ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2022ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، متاثرین کو امدادی رقوم کی جلد اور آسان ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، عوام کی حفاظت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مظفرآبادکے ایک روزہ دورہ کے دوران ایس ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اقدامات کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ مشیر امور کشمیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان سمیت دنیا کا انتہائی اہم ایشو بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نقصانات سے بچاؤ کے لئے ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے، وزارت امور کشمیر اس سلسلے میں آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو پورا بجٹ فراہم کرنے کے لئے بھی وزارت امور کشمیر نے متحرک انداز میں کام کیا ، آزاد کشمیر حکومت موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لئے اپنی ضروریات سے ہمیں آگاہ کرے، وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی پیغام ہے کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں فوری رسپانس دے گی، عوام کی حفاظت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ متاثرین کو امدادی رقوم کی آسان اور جلد ادائیگی کے اقدامات کئے جائیں،قدرتی آفات کے بارے میں پیشگی آگاہی کا نظام وضع کر نے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت اقدامات کئے جا سکیں۔

اس موقع پر مشیر امور کشمیر نے متاثرین میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے سیلاب میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت بھی کی جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والےفوجی افسران اور جوانوں کے درجات کی بلند کیلئے بھی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم اے کی طرف سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ توقع سے زیادہ بارشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پلان ترتیب دیا ہے تاہم کچھ جگہوں پر معمول سے بہت زیادہ بارشیں ہوئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں تقریباً 16 ہزار خاندانوں کو سیلابی صورتحال یا لینڈ سلائیڈنگ کے باعث خطرات لاحق تھے، 16 جون کو طوفان کے باعث مہاجر کیمپ میں 33 گھر متاثر ہوئے جبکہ نیلم ویلی میں لائیو سٹاک کا نقصان ہوا ۔ اس کے علاوہ پونچھ میں چھت گرنے سے 10 افراد شہید ہوئے جبکہ آزاد کشمیر میں کل 25 افراد موسمیاتی صورتحال کی وجہ سے جاں بحق ہوئے اور 217 گھر تباہ ہوئے۔

دریں اثنا مشیر امور کشمیر سے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں سے سیلابی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مقامی آبادی کی حفاظت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ قبل ازین مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچے تو چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ اور دیگر اعلی حکام نے مشیر امور کشمیر کا استقبال کیا ۔