Live Updates

وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فراہم کر رہی ہے، مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 3 اگست 2022 17:53

وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2022ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فراہم کر رہی ہے، مالی امداد کی جلد فراہمی کیلئے ہدایت کر دی ہے، مالی مشکلات کے باوجود مہاجرین کی بحالی کیلئے فنڈز اور مہاجرین کے گھروں کی تعمیر کیلئے 3 ارب روپے فراہم کئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مظفرآباد کے ایک روزہ دورہ کے دوران مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر امور کشمیر نے کہا کہ کشمیر سے ان کا تعلق بچپن سے ہے ، کشمیر سے میرا تعلق نہ صرف مذہبی اور علاقائی ہے بلکہ ہماری پارٹی کا بھی کشمیر سے گہرا رشتہ استوار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت امور کشمیر کا منصب ملنا میرے لئے باعث فخر ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آزاد کشمیر آیا ہوں، وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن امداد کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں کے دوران مسلح افواج کے افسران اور جوان شہید ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں 25 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آزاد کشمیر کی تمام رابطہ سڑکیں بحال ہیں ۔ انہوں نے بروقت امدادی کارروائیوں پر انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

مشیر امور کشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دے رہی ہے،مالی امداد کی جلد از جلد فراہمی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کے متاثرین کو چیکس دیئے گئے ہیں، مالی مشکلات کے باوجود مہاجرین بحالی کے لئے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاجرین کے 1314 گھروں کی تعمیر کے لئے 3 ارب روپے فراہم کئے ہیں ، اس سلسلے میں ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، تمام وزارتوں کے حکام سے ملاقاتیں کر کے آزاد کشمیر کو پورا بجٹ دلوایا ۔

15 ویں ترمیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مشیر امور کشمیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اختیارات دینے والی جماعت رہی ہے، آزاد کشمیر سے مالی اختیارات واپس لینے کا قطعی کوئی ارادہ نہیں ہے ، پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیا ، آزاد کشمیر کو وزارتی نظام ذوالفقار علی بھٹو نے دیا تھا، انہوں نے طالب علموں اور مزدوروں کو بااختیار بنایا، پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو اختیارات دیئے اور ملک کو 18 ویں ترمیم دی ، ایسے میں اختیارات واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت کوئی سیاسی رہنما ملک کا دشمن نہیں ہے ، سب سیاسی رہنماؤں کی نیت صاف ہے تاہم سیاسی رہنماؤں کے غلط فیصلوں سے ملک کو نقصان ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اجاگر کیا ہے، مسئلہ کشمیر پر آئندہ کا لائحہ عمل وضع کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی، ریٹائرڈ ججز ، بار کونسلز اور یونیورسٹیز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کو مظفرآباد کے ایک روزہ دورے کے دوران سیلاب کی صورتحال اور اقدامات کے حوالے سے ایس پی ایم اے کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متاثرین سیلاب میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے۔مشیر امور کشمیر نے مہاجر کیمپ چہلہ کا دورہ کیا اور بارشوں سے متاثر ہونے والے گھروں کا جائزہ بھی لیا اورمقامی لوگوں سے ملاقات کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات