آزادکشمیر میں جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں،قمرالزمان کائرہ

متاثرین کی بحالی اور آباد کاری میں کسی بھی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے اور نقصانات کے معاوضہ جات کی فوری ادائیگی عمل میں لائی جائے،مشیروزیراعظم

بدھ 3 اگست 2022 18:30

آزادکشمیر میں جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کی بحالی ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2022ء) مشیر وزیرا عظم پاکستان برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر آزادکشمیر میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں، آزادکشمیر میں 25افرادجاں بحق ہوئے اور 16زخمی ہوئے ہیں،مکانوں کو بھی نقصان پہنچا اور مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں، وفاقی حکومت اور حکومت آزادکشمیر مل کر متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کر ے گی، مون سون بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کوفی کس 10لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں اور زخمیوں کو بھی امداد دی جا رہی ہے۔

بدھ کے روز سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے قمر الزمان کائرہ کودی جانے والی بریفنگ میںبتایا گیا کہ آزادکشمیر میں 25افراد جاں بحق اور 16افراد زخمی ہوئے جبکہ 227مکان اور 9دکانیں گری ہیں،اس دوران مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے۔

اس موقع پروزیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری اکبر ابراہیم ، چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑبھی موجود تھے۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور آباد کاری میں کسی بھی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے اور نقصانات کے معاوضہ جات کی فوری ادائیگی عمل میں لائی جائے۔ قمر الزمان کائرہ نے حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو امدادی چیک دیے۔