دشمن ممالک سے پاکستان میں امن و امان کی فضاء برداشت نہیں ہوتی،خرم جاوید

پاکستان میں امن و امان کے قیام کیلئے شرپسندوں کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ ملکر کامیابی حاصل کی ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی شاید ممکن نہ تھی،کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس

بدھ 3 اگست 2022 21:30

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2022ء) کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس خرم جاوید نے کہا ہے کہ دشمن ممالک سے پاکستان میں امن و امان کی فضاء برداشت نہیں ہوتی اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے پاکستان کو دوبارہ فرقہ ورانہ فسادات کی طرف دھکیلاجائے لیکن سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسی سازشوں کو ہر صورت ناکام بناکرفرقہ ورایت کا خاتمہ کریں۔

کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کیلئے شرپسندوں کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ ملکر کامیابی حاصل کی ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی شاید ممکن نہ تھی۔ و ہ بدھ کے روز ضلع ہنگو میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے ایف سی ریسٹ ہاوس ہنگو میں منعقدہ امن جرگہ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

امن جرگہ میں ڈپٹی کمشنر ہنگو محمد رفیق خان مہمند‘کرنل علاؤالدین اورڈی پی او ہنگو آصف بہادر خان کے علاوہ شیعہ سنی مشران اور دیگر سرکاری افسروں نے شرکت کی۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کا کہنا تھا کہ ضلع ہنگو میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام بہتر اور پر امن طریقے سے گزرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کا رویہ انتہائی مثبت ہے اور شیعہ سنی مشران کی خواہش ہے کہ ہنگو میں دیرپاامن و امان برقرار رہے۔

کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس نے امن جرگہ کے اراکین اور رہنماؤںکی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی امن و امان کیلئے مقامی رہنماؤں کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ۔ اس موقع پر شیعہ سنی مشران حسن خان ایڈوکیٹ، ٹکا خان، مولانا یوسف، ظہیر حسین، ملک عرفان،عزت خان،تاجر برادری صدر ظفر ودیگر نے کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس، ڈپٹی کمشنر ہنگو اور ڈی پی او ہنگو کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پچھلے برس کی طرح اس سال بھی ہمارا مکمل تعاون انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہوگا اور ہنگو کے پر امن حالات کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔