سپیکٹرم آکشن مشاورتی کمیٹی اجلاس، 10 سالہ مدت کیلئے 5،5 ہزار میگا ہرٹز کے 21 سو میگا ہرٹز بینڈ وڈتھ نیلامی کی منظوری دیدی گئی

بدھ 3 اگست 2022 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2022ء) ملک میں موبائل براڈبینڈخدمات میں بہتری کیلئے سپیکٹرم آکشن مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ کنسلٹنٹ رپورٹ کی روشنی میں متفقہ طورپرمجموعی موجودہ قدرکے تناسب سے 10 سالہ مدت کیلئے 5،5 ہزار میگا ہرٹز کے 21 سومیگاہرٹزبینڈوڈتھ نیلامی کی منظوری دیدی گئی۔ وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے بدھ کویہاں ملک میں موبائل براڈبینڈخدمات میں بہتری کیلئے سپیکٹرم آکشن مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیرتجارت نوید قمر، وزیر پاور خرم دستگیر خان، وزیراعظم کے رابطہ کاربرائے تجارت رانا احسان افضل، چئیرمین پی ٹی اے اور دیگر سینئرحکومتی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کوملک میں ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی سفارشات کی روشنی میں موبائل خدمات کی طلب اوررسد اورنیکسٹ جنریشن موبائل کے دستیاب سپیکٹرم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ ملک میں فورجی کا تیزی سے اثرونفوذہورہاہے جو ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کیلئے بہتر اورامیدافزاء ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کاشعبہ ملک کی ترقی میں کلیدی کرداراداکررہاہے اورحکومت ملک میں موبائل براڈ بینڈ خدمات میں بہتری کیلئے کام کررہی ہے۔کمیٹی نے موجودہ کنسلٹنٹ رپورٹ کی روشنی میں متفقہ طور پر مجموعی موجودہ قدرکے تناسب سے 10 سالہ مدت کیلئے 5،5 ہزار میگا ہرٹز کے 21 سو میگا ہرٹز بینڈ وڈتھ نیلامی کی منظوری دیدی۔