ي*کراچی،پیپلز بس سروسز کے روٹ پر روڈ کی بحالی کے لئے 1.5 ارب جاری کئے گئے ہیں،چیف سیکرٹری سندھ

بدھ 3 اگست 2022 20:35

ؔ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2022ء) چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ پیپلز بس سروسز کے روٹ پر روڈ کی بحالی کے لئے 1.5 ارب جاری کئے گئے ہیں جبکہ بارش سے متاثرہ روڈز کی بحالی کیلئے بھی 1 ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات بدھ کوکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات میں کہی۔

اس موقع پرصدر چیمبر محمدادریس، سابق صدر زبیرموتی والا اور دیگر نے شہر کے مسائل کے متعلق آگاہی دی۔چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے بتایا کہ5 ارب روپے سے کورنگی کاز وے پراجیکٹ جون 2024 تک مکمل کیا جائے گا۔ سہیل راجپوت نے بتایا کہ ٹاور، گلشن اقبال 13D ، یونیورسٹی روڈ، پی ای سی ایچ، احسن آباد میں بارش کے پانے کے نکاس کا انجینئرنگ حل نکالا گیا ہے،کراچی کی بزنس کیمونٹی کے ساتھ مل کر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فائر بریگیڈ ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر مسائل حل کئے جائیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک بنایا جائے گا،حب ڈیم پر کینال، پاور اسٹیشن اور ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا،کراچی کے منصوبوں کے لئے سٹیزن اوورسائیٹ کا نقطئہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں رکھوں گا۔ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے مزید کہاکہ تھر کول حکومت سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا کامیاب منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے الیکشن کمیشن نے تاریخ دے رکھی ہے۔