بلدیاتی انتخابات وقت پر ہونگے، الیکشن کمیشن نے تاریخ دے رکھی ہے، چیف سیکریٹری سندھ

برسات متاثرہ راستوں کی مرمت کے لئے 2.5 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں،ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت

بدھ 3 اگست 2022 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2022ء) چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات۔ ملاقات میں صدر کراچی چیمبرز محمد ادریس میمن،تاجررہنما زبیر موتی والا اور دیگر نے تاجر برادری اور شہر کے مسائل کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا کے شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں کراچی کی بزنس کیمونٹی حکومت سندھ کا ساتھ دے گی۔

ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لئے حکومت سندھ کام کر رہی ہے اور سندھ کابینہ کے بارش متاثرہ روڈز کی مرمت اور بحالی کے لئے 2.5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے جس میں پیپلز بس سروسز کے روٹ پر روڈ کی بحالی کے لئے 1.5 ارب جاری کئی گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ 5 ارب روپے سے کورنگی کاز وے پراجیکٹ جون 2024 تک مکمل کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ بارش کا پانے جمع ہونے والے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جلد ٹاور، گلشن اقبال 13D ، یونیورسٹی روڈ، پی ای سی ایچ، احسن آباد میں بارش کے پانے کے نکاس کا انجینئرنگ حل نکالا گیا ہے۔ انہونے مزید کہا کے فائر بریگیڈ ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر مسائل حل کئے جائیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک بنایا جائے گا۔

حب ڈیم پر کینال، پاور اسٹیشن اور ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا۔ کراچی کی بزنس کیمونٹی کے ساتھ مل کر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے کئے جائیں گے۔ کراچی کے منصوبوں کے لئے سٹیزن اوورسائیٹ کا نقطئہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں رکھوں گا۔ تھر کول حکومت سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا کامیاب منصوبہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے الیکشن کمیشن نے تاریخ دے رکھی ہے حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔