عمران کی ایمانداری کی مثال یہی انہوں نے جن کے پیسے کھائے وہ حلال بھی کیے ، پرویز رشید

یعنی سی پیک بند کیا ورنہ تو انہوں نے جس تھالی میں کھایا اٴْسی میں چھید ضرور کیا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا ٹوئیٹ

بدھ 3 اگست 2022 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2022ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ 2008 تا 2013 ،عمران کی سیاسی حیثیت صفر تھی،اٴْن کے پاس اسمبلیوں کی تمام نشستوں کیلئے امیدوار بھی نہیں تھے پھر کیا وجہ ہے کہ پاکستان مخالف لابی سے تعلق رکھنے والی بھارتی، اسرائیلی اور یورپی کمپنیاں عمران پر ڈالروں کی بارش برساتی رہیں یقیناً اپنے مہرے کی دیکھ بھال کرنے کیلئے عمران کو خیرات کی آڑ میں مالامال کرنے والوں تمام کا تعلق اٴْن ملکوں سے ہے جو پاکستان چین سی پیک منصوبے کے خلاف تھے اور عمران کی واحد ایمانداری کی مثال یہی ہے کہ اٴْس نے جن کے پیسے کھائے وہ حلال بھی کیے یعنی سی پیک بند کیا ورنہ تو انہوں نے جس تھالی میں کھایا اٴْسی میں چھید ضرور کیا۔