اے این ایف انٹیلی جنس کی اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں کارروائی ،بھاری مقدار میں منشیات برآمد ، 4 ملزمان گرفتار

جمعرات 4 اگست 2022 10:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2022ء) اے این ایف انٹیلی جنس نے اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کو اے این ایف انٹیلی جنس نے اسلام آباد میں پہلی کارروائی سرینگر ہائی وے پر کی جس کے دوران ٹیوٹا کرولا کار سے 57 کلو 600 گرام چرس اور 38 کلو 400 گرام افیون برآمدکرتے ہوئے کار میں سوار عادل، حضرت علی اور نازیہ نامی تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

دوسری کارروائی باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور پر کی گئی جہاں پر بحرین کیلئے روانہ ہونے والے شہزاد خان نامی مسافر کے پیٹ سے 816 گرام وزنی 102 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔تیسری کارروائی لاہور میں واقع کوریئر آفس میں کی گئی اور لیدر کے دستانوں میں مہارت سے چھپائی گئی 1 کلو 790 گرام آئس برآمد کر لی۔یہ پارسل کاشف رشید نامی شخص کی جانب سے امریکا کیلئے بک کروایا گیا تھا۔تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔