اقوام متحدہ میں سعودی سفیرعبداللہ المعلمی 11سال بعد سبکدوش، ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد الواصل نئے سفیر مقرر

جمعرات 4 اگست 2022 15:10

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2022ء) اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ المعلمی 11 سال بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔ ان کی جگہ ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد الواصل کو نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندہ عبداللہ المعلمی کی جگہ نئے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد الواصل نے اپنی اسناد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کو پیش کیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد الواصل 2016 سے جنیوا میں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر اور مستقل نمائندے کے عہدے پر فائز تھے۔واضح رہے کہ عبداللہ المعلمی نے اقوام متحدہ میں اپنے دور میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے، جہاں انہوں نے بعض عرب ممالک جیسے لیبیا اور عراق میں سعودی عرب کی جانب سے بیرونی مداخلت کو مسترد کرنے اور شامی عوام کے مصائب کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین کے پرامن حل پر بات کی اور سعودی عرب کے فلسطین کے حوالے سے اصولی موقف کی ترجمانی کی۔انہوں نے میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ظلم و ستم اورلوگوں کو بے گھر کرنے کی کھل کر مذمت کی۔