شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجہ میں ایک دہشت گرد ہلاک

جمعرات 4 اگست 2022 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2022ء) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نیتجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں آپریشن کیا ہے۔ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں نارووال کے 30 سالہ سپاہی عنصر علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے کلئیرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملک میں دیرپا امن لائیں گی۔