آرمی چیف کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات حکام سے رابطہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوست ممالک سے آئی ایم ایف پروگرام پر گفتگو کی، رابطے کے نتیجے میں اچھی خبر ملنے کی توقع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 5 اگست 2022 12:47

آرمی چیف کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات حکام  سے رابطہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2022ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے۔جیو نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوست ممالک سے آئی ایم ایف پروگرام پر بات کی۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف کے رابطے کے نتیجے میں پاکستان کے لیے جلد اچھی خبر متوقع ہے۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جلد قرض کے لیے امریکا سے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست بھی کی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمی چیف نےامریکی ڈپٹی سیکرٹری وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کے لیے تقریبا ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی فوری فراہمی کے لیے دباؤ ڈالے۔

(جاری ہے)

گفتگو میں وائٹ ہاؤس سے اپیل کی گئی کہ آئی ایم ایف کے 1.2 ارب ڈالر کے قرضے کا پراسس تیز کیا جائے۔آرمی چیف نے امریکی ڈپٹی سیکرٹری سے ٹیلیفونک رابطے سے قبل وزیراعظم سے مشاورت بھی کی تھی۔

13 جولائی 2022ء کو پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھاجس کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط جاری ہو نا تھی ۔معاہدے کے تحت پروگرام کو مزید ایک ارب ڈالر کی وسعت دی جائے گی اس کے علاوہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کو جولائی 2023 تک توسیع کرنے کا بھی اعلان کرے گا۔ ۔ آئی ایم ایف نے منتخب نمائندوں کے اثاثہ جات پبلک کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ گریڈ 17 سے 22 کے سرکاری ملازمین کے اثاثہ جات بھی پبلک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔آئی ایم ایف کے احتساب سے متعلقہ آئینی ترامیم پر بھی تحفظات ہیں۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جیوز نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ جلد ہو جائے گا۔