پیپلز پارٹی کی قیادت نے ورلڈ کپ 2011ء سیمی فائنل بھارت کو بیچ دیا تھا : ذوالقرنین حیدر کا دعوی

آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی دوران اقتدار میچ فکسنگ میں ملوث تھے،وقار یونس، عاقب جاوید بھی فکسنگ میں ملوث تھے تاہم خاموش رہے کیونکہ ٹیم کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا، نجم سیٹھی بے ایمان شخص، پاکستان کرکٹ تباہ کی: سابق وکٹ کیپر بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 اگست 2022 15:07

پیپلز پارٹی کی قیادت نے ورلڈ کپ 2011ء سیمی فائنل بھارت کو بیچ دیا تھا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2022ء ) پاکستان کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے الزام لگایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی جب 2008ء سے 2013ء تک اقتدار میں تھے تو میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔ ’پرو پاکستان‘ ویب سائٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے 36 سالہ سابق وکٹ کیپر نے یوسف رضا گیلانی پر الزام لگایا کہ انہوں نے 2011ء کے ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت کے خلاف فکس کیا تھا جو 30 مارچ کو موہالی میں کھیلا گیا تھا۔

خیال رہے کہ موہالی میں بھارت نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ نے اس وقت بھی سوالات اٹھائے گئے تھے کیونکہ پاکستانی ٹیم نے سچن ٹنڈولکر کے کئی کیچز ڈراپ کیے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے 115 گیندوں پر 85 رنز بنائے اور بالآخر اپنی ٹیم کو جیتنے میں مدد دی۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کی کپتانی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 1999ء کے بعد پہلی بار 50 اوور کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جس نے گروپ مرحلے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر تسلط کا سلسلہ توڑا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ذوالقرنین 2011ء کے ورلڈ کپ کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ نہیں تھے کیونکہ وہ 2010ء میں ہی عجیب حالات میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔ ذوالقرنین حیدر کا مزید کہنا تھا کہ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس اور عاقب جاوید بھی میچ فکسنگ میں ملوث تھے تاہم وہ اس وقت خاموش رہے کیونکہ ٹیم کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق سربراہ نجم سیٹھی سب سے بے ایمان شخص ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کو تباہ کیا۔