Live Updates

عمران خان کی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کی رہائشگاہ آمد

عمران خان کا لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی شہید کے صاحبزادے سمیت اہلخانہ سے اظہار تعزیت

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 5 اگست 2022 16:06

عمران خان کی  لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کی رہائشگاہ آمد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2022ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی شہید کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی رہائشگاہ آمد۔ عمران خان نے لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی شہید کے صاحبزادے کیپٹن احمد سمت اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی نماز جنازہ کوئٹہ اور راولپنڈی میں ادا کی گئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ،پاک فوج کے افسران و جوانوں نے شرکت کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں شہید کو پوری فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی نمازِ جنازہ میں شرکت بھی کی۔ شرکت کرنے والوں میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا پرویز خٹک، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور سینیٹر شبلی فراز سمیت دیگر شامل تھے۔

قبل ازیں آرمی چیف نے کوئٹہ میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان ،گورنر اور اعلی فوجی اور سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات