پاکستان حق خود ارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی ہمیشہ حمایت کرتا رہے گا، سید خورشید شاہ

جمعہ 5 اگست 2022 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی انسانی اور سیاسی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان حق خود ارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی ہمیشہ حمایت کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی انسانی اور سیاسی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت معصوم کشمیریوں کے ساتھ گزشتہ سات دہائیوں سے جاری غیر انسانی سلوک بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔