بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف ملک بھر میں یوم استحصال منایا گیا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک اور بیرون ملک ریلیوں اور جلسے جلوسوں کا اہتمام

جمعہ 5 اگست 2022 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے خلاف اندرون وبیرون ملک جمعہ کو یوم استحصال بھرپور انداز سے منایا گیا، یوم استحصال کے موقع پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک اور بیرون ملک ریلیوں اور جلسے جلوسوں کے علاوہ سیمینارز اور کانفرنسز سمیت متعدد پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔

کشمیریوں کی حمایت میں ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ یوم استحصال کے موقع پر پوری قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی عوام ان کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد اور بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کے زیر اہتمام 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کے خلاف دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ایک ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اوردفتر خارجہ کے عملہ ،حریت کانفرنس کے قائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں واک کے شرکابھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دفتر خارجہ میں جمع ہوئے جس کے بعد دفتر خارجہ نے یوم استحصال کی مناسبت سے زاہد زمان کے ملی نغمےکا اجراءکیا۔

کشمیر کے بارے میں یہ ملی نغمہ زاہد زمان نے خصوصی طور پر تیار کیا تھا۔ ریلی کے شرکا بعد میں دفتر خارجہ سے شاہراہ دستور سے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ ہائوس پہنچے۔ وزارت خارجہ نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد اور بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں متعدد پروگرامز کا اہتمام کیا تھا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر امور کشمیر وگلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے اپنی نوجوان نسل کو کشمیر کے پاکستان سے رشتہ اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے، ہمیں بطور قوم اس عزم کا اعادہ اور تجدید کرنی چاہیے کہ کشمیر کے ساتھ ہمارا عزم لازوال ہے اس میں کبھی کمی نہیں ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ ریلی ایسے گھنائونے دن کو منانے کے لئے ہے جو 70 سالہ جبر واستبداد سے بھرپور ہے لیکن کشمیریوں کاجذبہ ہرہتھکنڈے کے باوجود ماند نہیں پڑا، جو قومیں یہ جذبہ رکھتی ہیں ان کو دبایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کشمیریوں کا حوصلہ توڑنے میں ناکامی پر 5 اگست2019 کو کشمیر کی آئینی وقانونی حیثیت تبدیل کرکے اس کی ڈیموگرافی تبدیل کرنی کی کوشش کی گئی۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں آباد کشمیریوں نے بھی 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر آئینی اقدام کی مذمت کیلئے یوم استحصال منایا۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام کی مذمت اور بھارتی فوجی محاصرے کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم استحصال منایا گیا۔

ملک کی تمام سیاسی اور دینی جماعتوں کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ریلیوں اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیرکے معصوم اور نہتے لوگوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بھی کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز اور دیگر پروگرامز کا اہتمام کیا۔

یوم استحصال کے موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجا کر ٹریفک کو ایک منٹ کیلئے روک دیا گیا۔ یوم استحصال کے موقع پر ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویڑن سمیت الیکٹرانک میڈیا چینلز پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ یوم استحصال کے موقع پر اسلام آباد کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں کی اہم شاہراہوں پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کئے گئے تھے۔

یوم استحصال کے حوالے سے صدر مملکت، وزیر اعظم، وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان ، صدر آزادکشمیراور وزیراعظم آزادکشمیر کے پیغامات نشر اور جاری کئے گئے۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیر پر اپنے غیرقانونی قبضے کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف پورے پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام نے سخت احتجاج کیا۔

یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے ملک کے طول و عرض اور بیرون ملک بھارت کی سفاکیت اور غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کیا گیا۔ یوم استحصال کے حوالے سے وزارت اطلاعات نے پاک چائنا سینٹر میں تصویری نمائش کا اہتمام کیا تھا، ٹی وی چینلز اور ریڈیو پاکستان پر بھی دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز چلائے گئے، وزارت خارجہ میں ایک تقریب میں یوم استحصال کے حوالے سے ایک نغمہ بھی جاری کیا گیا۔

پاکستان کے تمام شہروں کے علاوہ مظفر آباد سمیت آزادجموں وکشمیر کے تمام شہروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یوم استحصال کے حوالے سے اہم مقامات پر خصوصی بینرز لگائے گئے تھے جبکہ ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنز اور تمام میٹرو بس اسٹیشنز کے علاوہ موٹرویز اور تمام ٹال پلازوں پر بینرز آویزاں رہے۔ یوم استحصال کے موقع پر ملک کے تمام صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز کا انعقاد ہوا۔