پاکستان کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا، وفاقی وزیر داخلہ

بھارت کبھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کر سکتا، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام اپنے خون سے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو چلا رہے ہیں، ان کی یہ جد وجہد کامیاب ہوگی، اسلامی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

جمعہ 5 اگست 2022 22:18

پاکستان کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا، وفاقی وزیر داخلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھارت کبھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کر سکتا، پاکستان کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا،بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام اپنے خون سے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو چلا رہے ہیں، ان کی یہ جد وجہد کامیاب ہوگی۔

جمعہ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے کشمیریوں کے حق پر ایک اور ضرب لگائی تھی، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام اپنے خون سے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو چلا رہے ہیں، ان کی آزادی کی جد وجہد کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان ہمارے آباؤ و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے، پاکستان پوری امت کی امیدوں کا مرکز ہے،ہم نبی ؐکی ناموس پر مر مٹنے والے لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ اور کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا اور یہ ہمارے ایک منفرد مقام ہے۔ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے سے امت مسلمہ میں استحکام کا احساس پیدا ہوا۔ انہوںنے کہاکہ دنیا میں مسلمان کہیں پر بھی مشکل کا شکار ہوں تو پہلا ردعمل پاکستان کی طرف سے ہی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوئوں کے تعصب نے ثابت کیا کہ دو قومی نظریہ درست تھا۔

قائداعظم محمد علی جناحؒنے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔ایک وقت تھا کہ آل انڈیا مسلم لیگ 90 فیصد مسلمانوں کی نمائندہ جماعت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی کی ایک طویل جدوجہد کی داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے بعد قائداعظم محمد علی جناحؒ زیادہ عرصہ زندہ نہ رہے اور ملک کی خدمت نہ کر سکے، ان کے بعد غیر جمہوری قوتیں ملک پر قابض ہو گئیں، 1973 میں ایک مرتبہ پھر جمہوری قوت نے ملک کو ایک متفقہ آئین دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب،جمہوری عمل ایک مرتبہ پھر آگے بڑھ رہا ہے، ہم مشکلات پر قابو پا رہے ہیں، ملک درست سمت میں گامزن ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دوست ملک سعودی عرب اور خادمین الحرمین شریفین کے پاکستان کے ساتھ تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی تعلیم کے میدان میں کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

اس موقع پر چوہدری منظور احمد نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی مختلف ممالک کے طلبا کا ایک گلدستہ ہے، ہم تحقیق میں دوسروں سے بہت رہ گئے ہیں ، ہمیں مل کر ملکی معیشت کو بحال کرناہے ،اگلا عشرہ مشرق وسطیٰ کا ہے۔ صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات مثالی ہیں۔تعلیم کا فروغ اور امت مسلمہ کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔