Live Updates

توشہ خانہ ریفرنس، الیکشن کمیشن کا نااہلی ریفرنس کی سماعت کیلئےعمران خان کو نوٹس جاری

پی ڈی ایم کے نااہلی ریفرنس میں عمران خان پر توشہ خانہ کے تحفے گوشوارے میں ظاہر نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اگست 2022 19:11

توشہ خانہ ریفرنس، الیکشن کمیشن کا نااہلی ریفرنس کی سماعت کیلئےعمران ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2022ء) توشہ خانہ ریفرنس، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے، نوٹس میں عمران خان کو 18اگست کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے، نااہلی ریفرنس میں عمران خان پر توشہ خانہ کے تحفے گوشوارے میں ظاہر نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے، عمران خان کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت 18 اگست کو ہوگی، کازلسٹ الیکشن کمیشن میں بتایا گیا کہ عمران خان کو 18اگست کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے، پی ڈی ایم نے گزشتہ روز عمران خان کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر کیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ ریفرنس ن لیگ کے محسن شاہنواز رانجھا نے الیکشن کمیشن میں دائر کیا تھا، ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان پر توشہ خانہ سے تحفے گوشوارے میں ظاہر نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ مزید برآں اے آروائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے ممنوعہ فنڈ زضبط کرنے کا شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے نوٹس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جاری کیا، شوکاز نوٹس میں عمران خان کو 23 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو جاری شوکاز نوٹسز پر سماعت بھی مقرر کردی ہے، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن 23 اگست کو صبح 10بجے کیس کی سماعت کرے گا۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات چھپانے کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔ اے آر وائے نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس پر فوری سماعت کی درخواست کی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کی نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

ریفرنس کے متن کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کئے۔ عمران خان نے تحائف بھیجنے کی رقوم کی تفصیلات بھی گوشواروں میں جمع نہیں کرائیں۔ ریفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے 29 دن اس ریفرنس پر آئینی و قانونی ماہرین سے طویل مشاورت کی۔ ادھر حکومت نے ایف آئی اے کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی فوری انکوائری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات