کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،پاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا،وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کا یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب

جمعہ 5 اگست 2022 22:50

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،پاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا،وزیراعلی پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے قیام پاکستان کے وقت ہی سازشیں شروع کر دی تھیں،کشمیر میں مداخلت کرکے ہندوستان نے امن کی فضاء خراب کی جبکہ دوسری طرف فلسطین میں سازش کرکے امن خراب کیا گیا،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے او رپاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا،90 شاہراہ قائداعظم پر یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ کشمیر ی عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کا خونی رشتہ ہے،کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی،اب بھارتی تنظیمیں بھی کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں، انہوں نے کہاکہ او آئی سی کے اہم رکن ممالک کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے، جب تک ہم خود کچھ نہیں کریں گے تو کوئی ہماری مدد کو نہیں آئے گا،مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈائون پر دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں،برطانوی پارلیمنٹ میں بھی کشمیر ایشو پر آواز اٹھی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر رہے گا، چودھری پرویز الہی نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک نے جدوجہد آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،یاسین ملک سے جیل کے اندر غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، بھوک ہڑتال سے ان کی حالت خراب ہے، انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو گھروں سے نکال کر گولیاں ماری جا رہی ہیں،بعض جگہوں پر بھارتی فوج نے معصوم لوگوں پر گولیاں چلانے سے انکار کیا ہے ، بین الاقوامی تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں،ترکیہ اور پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے لئے بھرپور آواز اٹھائی ہے،میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان آزادی کشمیر کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے،پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں پیچھے نہیں ہٹے گا،کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کا ساتھ دیں گے،حریت رہنما انجینئر مشتاق احمد شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا، رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر یاسمین راشد، کشمیری حریت رہنمائوں انجینئر مشتاق احمد شاہ، امتیاز اقبال وانی، اوورسیز پاکستانیز سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور و دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔