ٰ سیشن عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے طبی معائنہ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

جمعہ 5 اگست 2022 20:30

*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2022ء) سیشن عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے طبی معائنہ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ شرقی کی عدالت میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے مبینہ اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔مدعی مقدمہ کی جانب سے مغویہ کے طبی معائنہ کرانے کی درخواست کی گئی، جس پر عدالت نے مغویہ کے طبی معائنہ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عدالت نے کہا کہ مغویہ کے طبی معائنہ کرانے کی درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے مغویہ کے طبی معائنہ کرانے کی تفتیشی افسر کی درخواست مسترد کی تھی اور 6 اگست تک مقدمے کا ضمنی چالان پیش کرنے کا وقت دیتے ہوئے اگلی پیشی پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمے میں دو ملزمان غلام مصطفی اور اصغر گرفتار ہیں جبکہ مقدمے کا مرکزی ملزم ظہیر اور شبیر عبوری ضمانت پر ہیں، واقعے کا مقدمہ تھانہ الفلاح میں درج ہے۔

یاد رہے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے میڈیا پر دعا زہرا کے نام اور تصویر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی تھی ، عدالت نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر بھی لڑکی سے متعلق مواد شائع کرنے پر پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا اور پی ٹی اے کو کارروائی کا حکم دیا تھا