یومِ استحصال کشمیر ‘‘ کے موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں تصویری نمائش

اقوام متحدہ اور دنیا مسئلہ کشمیر پر خاموش ہے ،پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، سعید غنی

جمعہ 5 اگست 2022 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کا اہتمام حسینہ معین ہال میں کیاگیا۔ نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا جبکہ نظامت کے فرائض ممبر گورننگ باڈی شکیل خان نے ادا کیے، تصویری نمائش مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم و بربریت کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ جو کچھ کشمیر میں ستر برسوں سے ہو رہا ہے یہ تصویریں ان مظالم کے سامنے کچھ نہیں، ہزاروں نوجوانوں کی جانیں گئیں، ہزاروں بہنوں کی عصمت دری کی گئی، ہزاروں ما?ں کے بچے بچھڑ گئے، میں محمد احمد شاہ اور آرٹس کونسل کراچی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے یوم استحصال کشمیر پر نمائش کا اہتمام کیا ، آج کے دن مودی نے کشمیری تشخص کو پامال کرنا شروع کیا، مودی اور ان کی جماعت نسل پرستی پر مبنی ہے، اس نے اپنی جماعت کے منشور میں شامل کیا کہ کشمیری تشخص کو ختم کیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر کے لیے آواز بلند نہیں کرتی، اگر کوئی جدوجہد کر رہا ہے وہ کشمیری کر رہے ہیں ،وہاں کی مائیں بہنیں کر رہی ہیں، پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ وابستگی مضبوط ہوئی ہے، ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اس ظلم کی مذمت کرتے ہیں جو بھارت پچھلے برسوں سے جاری رکھے ہوئے ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیری جو چاہتے ہیں انہیں وہ حاصل ہو گا، سابق سفیر جمیل احمد خان نے کہاکہ آج کا دن پورے پاکستان میں یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے، بھارت نے کشمیر کے لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنایا ہے، کشمیر کو انصاف ضرور ملے گا، یہ ظلم ہو رہا ہے وہ آرٹیکل ایکٹ کے تحت کیا جا رہا ہے، یہ معاملہ حق و انصاف کا ہے، پاکستان کا ہر فرد کشمیر کی مدد کے لیے تیار ہے، حریت کانفرنس کے سیکریٹری عبدالمتین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر اور پاکستان الگ الگ نہیں ہیں، میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کشمیر کی موجودہ صورت حال نہایت گھمبیر ہے، کشمیر مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی اور سیاسی مسئلہ ہے،آرٹس کونسل گورننگ باڈی کے رکن بشیر سدوزئی نے کہاکہ آج پانچ اگست یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے، پاکستان کی حکومت کی سرپرستی میں عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اس تصویری نمائش میں بھارتی مظالم کی ایک جھلک ہے، کشمیری عوام بھارتی مسلح افواج کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہیں، پاکستانی عوام ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ہے۔