ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی درخواستیں تیار

نظر ثانی درخواستیں آئندہ ہفتے دائر کئے جانے کا امکان،سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کے وکیل عرفان قادر نے تصدیق کردی

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 6 اگست 2022 13:41

ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی درخواستیں تیار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست2022ء) سپریم کورٹ کے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ سے متعلق فیصلے کیخلاف حمزہ شہباز اور دوست مزاری کی درخواستیں تیار کر لی گئی ہیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کے وکیل عرفان قادر نے تصدیق کردی ہے۔ عرفان قادر نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکررولنگ اور فل کورٹ کی استدعا مسترد ہونے کیخلاف درخواستیں تیار کی ہیں۔

گرین سگنل ملنے پر درخواستیں دائر کی جائیں گے۔ اے آر وائے نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نظر ثانی درخواستیں آئندہ ہفتے دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کی رولنگ کا لعدم قرار دے دی تھی ، سپریم کورٹ نے پرویزالٰہی کی درخواست منظور کرلی ہے اور انہیں وزیراعلیٰ قرار دے دیا ، سپریم کورٹ نے گورنر پنجاب کو بطور وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے حلف لینے کا حکم دیا، حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ تمام تقرریاں کالعدم قرار دے دی گئیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کی رولنگ کیس کا فیصلہ سنا یا، سپریم کورٹ کا فیصلہ11 صفحات پر مشتمل تھا، سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ڈپٹی اسپیکر پنجاب کی رولنگ کا لعدم قرار دی، اس رولنگ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، سپریم کورٹ نے پرویزالٰہی کی درخواست منظور کی، سپریم کورٹ نے گورنر پنجاب کو بطور وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے حلف لینے کا حکم دیا تھا۔علاوہ ازیں چیف جسٹس پاکستان نے دوران سماعت ریمارکس دئیے تھے کہ فریقین کے وکلا کو بتایا تھا کہ آئین گورننس میں رکاوٹ کی اجازت نہیں دیتا، صدرکی سربراہی میں 1988 میں نگران کابینہ سپریم کورٹ نے کالعدم قراردی تھی، اس پرعدالت کا موقف تھا کہ وزیراعظم کے بغیر کابینہ نہیں چل سکتی۔