Live Updates

مقبوضہ کشمیر کی مکمل آزادی تک آزاد کشمیر کا سٹیٹس تبدیل نہیں ہو گا اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، چوہدری محمد یٰسین

کشمیریوں نے آزادی کی خاطر لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں،کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور کشمیری شہداء پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں،صدرپیپلز پارٹی آزادکشمیر

ہفتہ 6 اگست 2022 17:45

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2022ء) صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی مکمل آزادی تک آزاد کشمیر کا سٹیٹس تبدیل نہیں ہو گا اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوبئی ائیرپورٹ پر پاکستان روانگی سے قبل پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کی خاطر لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور کشمیری شہداء پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے،کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن 5اگست جیسے واقعات میں تحریک انصاف کی اس وقت کی حکومت کی کمزور پالسیوں کی وجہ سے آج کشمیری شدید ترین آزمائش سے گذر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتیوں کی جانب سے تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنا اور تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ملک میں شورش پیدا کرنے کی کوشش کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اداروں پر تو حملہ آور تھی ہی لیکن یہ لوگ جب لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا جس میں ہمارے قابلِ فخر سپوت شہادت پا گے اور پورا ملک رنج و غم میں مبتلا تھا سوشل میڈیا کے ذریعے شہداء کے لواحقین کی دل شکنی کی گی جو انتہائی افسوناک اور نفرت انگیز رویہ ہے ۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے جو اداروں اور ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات