ٹھٹھہ: ضلعی انتظامیہ ، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا مختلف امام بارگاہوں، روٹس اور شہر کے دیگر علاقوں کا مشترکہ دورہ

سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے صورتحال کا جائزہ

ہفتہ 6 اگست 2022 22:33

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2022ء) محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مختلف امام بارگاہوں، روٹس اور شہر کے دیگر علاقوں کا مشترکہ دورہ، سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے صورتحال کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے رینجرز کے ونگ کمانڈر 32 ونگ تھر بدین کرنل اکمل، ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ ٹھٹھہ شہر سمیت ضلع کے مختلف امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور دیگر مقامات اور علائقوں کا مشترکہ دورہ کرکے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کے صورتحال کا جائزہ لیا. اس موقع پر انہوں نے امام بارگاہوں کے منتظمین اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کو پر امن گذارنے اور شہریوں کو احساس تحفظ دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور شہر میں سیکورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اس ضمن شہر میں داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ، اسنیپ چیکنگ بھی کی جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دینے میں دن رات مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری جبکہ کچھ علاقوں میں موٹرسائیکل چلانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اسی طرح نویں اور دسویں محرم الحرام کو موبائل نیٹ ورکس کی بھی بندش رہے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ٹرپنگ اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام مسائل کے حل باالخصوص مجالس کے دوران بجلی کی بلا تعطل ترسیل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں. اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ، رینجرز، پولیس ،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام اداروں کا محرم الحرام کے دوران بہتر سیکورٹی کے انتظامات دیگر تمام مسائل حل اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا. قبل ازیں رینجرز، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹھٹھہ، مکلی سمیت مختلف مقامات پر مشترکہ فلیگ مارچ بھی کیا گیا