بلاول بھٹو زرداری کا پارٹی کے شہید کارکنان عثمان غنی، ادریس طوطی اور ادریس بیگ کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

ہفتہ 6 اگست 2022 22:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے شہید کارکنان عثمان غنی شہید، ادریس طوطی شہید اور ادریس بیگ شہید کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جارہ کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عثمان غنی شہید، ادریس طوطی شہید اور ادریس بیگ شہید کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں حے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان پیپلز پارٹی کے جمہوریت کے تحفظ اور اسے برقرار رکھنے کے عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف مضبوط جمہوریت ہی پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری جدوجہد نے آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کی جانب سے عوام کو نقصان پہنچانے کے مواقع ختم کردیے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر محاذ پر لڑے گی، لیکن آئین اور جمہوریت پر کوئی آنچ آنے نہیں ے گی۔