میرپور میں ڈپٹی کمشنر اورایس ایس پی کی قیادت میں سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کا فلیگ مارچ

ہفتہ 6 اگست 2022 23:40

میرپور ( آزاد کشمیر ) 06 اگست (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) ضلع میرپور میں محرم الحرام میں امن و امان کی صورت حال کو بحال رکھنے کے لیے میرپور شہر میں ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم کی سربراہی میں فلیگ مارچ ہوا۔فلیگ مارچ میں انتظامیہ، پولیس،ٹریفک پولیس،میونسپل کارپوریشن، ریسکیو 1122،شہری دفاع،بم ڈسپوزل اسکواڈ،فائر بریگیڈ، صحت عامہ، انفارمیشن اور دیگر ایمرجنسی سروسز کے محکموں کی گاڑیاں تھیں، فلیگ مارچ ضلع کچہری، چوک شہیداں،میاں محمد روڈ،ایف ون چونگی، ہال روڈ، تھوتھال،اکبر روڈ،پرانی پٹیاں، فاضل چوک،نانگی، کلیال،علامہ اقبال روڈ سے ہوتا ہوا چوک شہیداں میں ختم ہوا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال اور ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم کا کہنا تھا کہ محرم الحرام برکتوں،رحمتوں،صبر،تحمل،برداشت سمیت نواسہ رسولﷺ کی شہادت کا مہینہ ہے۔

(جاری ہے)

عاشورہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے ہیں اس سلسلہ میں مجسٹریٹ صاحبان، پولیس کی بھاری نفری،ریسکیو 1122،شہری دفاع کے رضاکار،،فائر برگیڈ،بلدیہ،محکمہ صحت عامہ سمیت ایمرجنسی سروسز کے اداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔انہوں نے تمام مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کی شرپسندی کے حوالے سے انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال میں خلل پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جاسکے۔انھوں نے بتایا کہ 10محرم الحرام کے دوران ٹیلی فون موبائل سروس صبح آٹھ بجے سے رات دس بجے تک معطل رہے گی اس موبائل سروس معطلی کا مقصد سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانا ہے۔