وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی آسیان ریجنل فورم کے 29 بین الوزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت

اتوار 7 اگست 2022 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نوم پنھ کمبوڈیا کے اپنے حالیہ دورہ کے دوران آسیان ریجنل فورم کے 29 بین الوزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ وزیر خارجہ 4 تا 6 اگست کو کمبوڈیا کے دورے پر تھے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل فورم کے 29 بین الوزارتی اجلاس سے خطاب کیا جبکہ انہوں نے کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن سن سے بھی ملاقات کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دورہ کمبوڈیا کے موقع پر کمبوڈیا کے وزیر خارجہ پریک سخون سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویون ولاک ریشنان ، جاپان کے وزیر خارجہ حیا شی زیوشی ماشا کے علاوہ ویت نام کے وزیر خارجہ تھان سن سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دورہ کمبوڈیا کے موقع پر یورپی یونین کے نمائندے جوزف بیرل سے تفصیلی ملاقات کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے جمہوریہ کوریا کے وزیر خارجہ پارک جن اور انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو ایل پی مرسودی، تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈان پرامود وینائے سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ واضح رہے کہ آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) 1994 میں قائم کی گئی جو ایشیا و بحرالکاہل کے علاقائی امن اور سلامتی کے حوالے سے ایک اہم فورم ہے۔

2004 میں پاکستان اے آر ایف کا رکن بنا جس کے بعد پاکستان نے اے آر ایف میں ہمیشہ ایک موثر کردار ادا کیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل فورم کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم آسیان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات اور شراکتداری سمیت وسیع تر مذاکراتی عمل کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان آسیان کے فورم سے علاقائی ترقی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔