Live Updates

فیاض الحسن چوہان کی ذمہ داریوں میں تبدیلی کردی گئی

پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کو ترجمان پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن واپس لے کر وزیراعلی پنجاب کا ترجمان مقرر کردیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 7 اگست 2022 15:42

فیاض الحسن چوہان کی ذمہ داریوں میں تبدیلی کردی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اگست2022ء)  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کی ذمہ داریوں میں تبدیلی کردی گئی، ترجمان پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن واپس لے کر وزیراعلی پنجاب کا ترجمان مقرر کردیا گیا۔ہفتہ کے روز جاری ہونے والے پہلے نوٹیفکیشن کے مطابق فیاض الحسن چوہان کو ترجمان پنجاب حکومت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے معاملات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن اب نیا نوٹیفکیشن جاری کر کے انہیں وزیراعلی پنجاب کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔

پارٹی رہنما عمر سرفراز چیمہ مشیر اطلاعات کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے، ڈی جی پی آر کے معاملات بھی عمر سرفراز چیمہ دیکھیں گے۔دوسری جانب پنجاب کی نومنتخب صوبائی کابینہ نے ہفتہ کے روز اپنے عہدوں کا حلف لے لیا ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نو منتخب وزرا سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔اس کے ساتھ ساتھ21 نو منتخب وزرا کو ان کی وزارتوں کے قلمدان بھی سونپ دیئے گئے ہیں جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد صوبائی وزیر صحت ہونگی جبکہ سردار محسن لغاری وزیر خزانہ،کرنل(ر)ہاشم ڈوگر صوبائی وزیر داخلہ و جیل خانہ جات،تیمور ملک بھٹی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجواناں، راجہ یاسر ہمایوں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی،عنصر مجید نیازی صوبائی وزیر لیبر،راجہ بشارت صوبائی وزیر کوآپریٹوز اینڈ پراسیکیوشن،سردار شہاب الدین صوبائی وزیر لائیوسٹاک،منیب چیمہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ،مراد راس صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن،خرم شہزاد ورک صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور،سردار آصف نکئی صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،علی افضل ساہی صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس،نوابزادہ منصور خان صوبائی وزیر ریونیو،حسین جہانیاں گردیزی صوبائی وزیر زراعت،غضنفر عباس صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر،لطیف نذر صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز،سردار حسین بہادر دریشک صوبائی وزیر فوڈ اینڈ انرجی،میاں محمود الرشید صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ،میاں اسلم اقبال صوبائی وزیر ہائوسنگ اور علی عباس شاہ کو صوبائی وزیر جنگلات کا قلمدان سونپا گیا ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات