باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے لئے باڈہ تعلقہ موومنٹ کی جانب سے باڈہ پریس کلب سے ٹائون ہال تک احتجاجی ریلی نکال گئی

اتوار 7 اگست 2022 16:15

باڈہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2022ء) باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے لئے باڈہ تعلقہ موومنٹ کی جانب سے موومنٹ کے ڈپٹی کنوینرز زیب علی ساریو اور کامریڈ قادر بروہی کی قیادت میں ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے باڈہ پریس کلب سے ٹائون ہال تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں باڈہ شہر کی مختلف سیاسی سماجی جماعتوں کے رہنمائوں دو دو دیشی، عزیز بروہی، علی انور عسکری، کامریڈ اصغر نوناری، کامریڈ اسحاق مشوری، کامریڈ محمد علی خشک، عالم بروہی، عبداللہ بروہی، ادیب غلام محمد بھٹی، علی رضا بھٹی، نور محمد ساریو، عبدالستار منگی، نبی رضا بلوچ، طاہر نور ہیسبانی، مظہر نوشاد پھلپوٹو، محمد ہاشم مدنی سومرو، محمد امین سیال، مور سندھی، کاشف جونیجو، افضل سانبھل، احمد خان زہری، علی زہری، فقیر جلال ساریو، سروان مشوری، سوبھ مشوری سرھان مشوری اور دیگر شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے ’’حکمرانوں شرم کرو باڈہ کو تحصیل کا درجہ دو اور اپنے وعدے پورے کرو‘‘ کے زوردار نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے باڈہ مکین گذشتہ 4 سالوں سے ہر ہفتے اتوار کے دن باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے لئے احتجاج کرکے حکمرانوں کو ان کے کئے ہوئے وعدے یاد دلاتے ہیں جو انہوں نے گذشتہ الیکشن مہموں میں ووٹ لینے کے لئے باڈہ مکینوں کے ساتھ کئے تھے۔ مزید انہوں نے کہا کے باڈہ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں والا برتائو کرکے باڈہ شہر کو مکمل تباہ کیا گیا ہے باڈہ شہر کی تمام سڑکیں دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کے شہر میں کئی دہائیوں سے ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں کیا گیا۔

برساتوں میں سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہوکر تالابوں کے مناظر دیتا ہے۔ دوسری جانب شہر میں بائی پاس نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام اور کاروباری نظام بھی بے حد متاثر ہوتا ہے۔ شہر میں پبلک پارک یا تفریحی مقام نہ ہونے کی صورت میں نوجوان سماجی برائیوں کے اڈوں پر بیٹھ کر اپنی زندگیاں برباد کر چکے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی سہولیات کے لئے بھی شہریوں کو لاڑکانہ،میہڑ اور دیگر شہروں کی طرف جانا پڑتا ہے جس سے باڈہ مکینوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے اور باڈہ مکین سمجھ چکے ہیں کہ باڈہ کی ترقی اور خوشحالی فقط باڈہ تحصیل سے منصوب ہے۔

مزید انہوں نے پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پی ایس 13 کے ایم پی اے اور ایم این اے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کے فی الفور باڈہ شہر کو تحصیل کا درجہ دے کر مکینوں میں پھیلی بے چینی ختم کی جائے نہیں تو باڈہ مکین بلدیاتی الیکشن کی طرح جنرل الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی مخالفت میں ووٹ دے کر پیپلزپارٹی کی شکست کو یقینی بنائیں گے۔ مزید انہوں نے کہا کے جب تک باڈہ تحصیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن نہیں مل جاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔