Live Updates

شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی ورکرز اور بالخصوص نوجوان نسل کو عمران خان کے بہکاوے میں نہ آنے کی اپیل کر دی

اتوار 7 اگست 2022 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2022ء) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی ورکرز اور بالخصوص نوجوان نسل سےاپیل کی ہے کہ وہ عمران خان کے بہکاوے میں نہ آئیں، عمران خان کا ایجنڈا ملک میں صرف انتشار پھیلاناہے، یہ شخص اپنے ورکرز کو بدتہذیبی پر اکسانے اور ورغلانے میں مصروف ہے۔ اتوار کو جاری کردہ اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سانحہ پر نہ صرف شہیدوں کے ورثابلکہ پوری قوم افسردہ اور غمزدہ ہے، سانحہ کے بعد عمران خان کی جماعت نے جس طرح کی غیر اخلاقی مہم چلائی شہداکے ورثااور قوم کی دل آزاری ہوئی ہے، پوری قوم میں عمران خان کے لئے نفرت بڑھ گئی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کے معاملے پر عمران خان اپنی حرکتوں سے باز آئیں ، ورنہ پاکستان کے غیرت مند عوام کے ہاتھ عمران خان کے گریبان میں ہوں گے اور عوام انہیں بنی گالا سے باہر نکلنے نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوان نسل اور اپنے ورکروں کو غلط راہ پر لے کر جا رہے ہیں۔عمران خان اقتدار کی حوس میں نوجوانوں اور اپنے ورکروں کو نفرت کی آگ میں دھکیل رہے ہیں۔جس کے نتائج ملک کے لئے بھیانک ثابت ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی غلط طرز سیاست کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سزائیں مل گئیں اور جیل چلے گئے۔ 6 پاکستانی اپنے خاندانوں کے کفیل تھے ، اس واقعہ کا ذمہ دار کوئی اور نہیں، صرف عمران خان ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات