دہشت،بربریت اور فسطائیت کا دوسرا نام اسرائیل ہے،جماعت اسلامی سندھ

دہشگرد ریاست فلسطین کے بچوں،خواتین اور نہتے فلسطینی نوجوانوں کو شہید کررہی ہے لیکن ان تمام مظالم پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردارادا کرتی نظر آتی ہے جو باعث افسوس ہے،کاشف سعید شیخ

اتوار 7 اگست 2022 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2022ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے ناجائز صہیونی دہشتگرد ریاست کی جانب سے گذشتہ دو دن میںغزہ کی پٹی پر 15سے زائد فضائی حملوں کے نتیجے میں 06بچوں سمیت 24فلسطینیوں کی شہادت جس میں مزاحمتی تنظیم اسلامک جہاد کے رہنماء تاثیر الجبیری بھی شامل ہیں اور درجنوں کے زخمی ہونے، بڑے پیمانے پر مکانات کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی ناجائز اور عالمی قوانین سے ماورا دہشگرد فوج آئے روز فلسطینیوں پر حملے کر کے ان کی املاک کوتہس نہس ،بچوں،خواتین اور نہتے فلسطینی نوجوانوں کو شہید کررہی ہے لیکن ان تمام مظالم پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردارادا کرتی نظر آتی ہے جو باعث افسوس ہے۔

امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں اس بربریت اور کھلی دہشتگردی پر مکمل خاموش تماشائی کردار ادا کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہآج ہم بحیثیت ِقوم کتنے بے حس ہوگئے ہیں اس کا اندازہ غزہ کے مسلمانوں پرفاشسٹ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں معصوم بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی شہادتوں پر ہماری اجتماعی بے حسی سے بخوبی لگایاجاسکتا ہے۔

25لاکھ سے زائد فلسطینی جو غزہ کی پٹی میں گزشتہ سوا دوسال سے محاصرے کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، موت اور ہلاکت ان کے لئے اجنبی چیزنہیں ہے وہ اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر پوری امت کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن امت کے حکمران ظالم ریاست کو تسلیم کرنے اور القدس سے دستبردار ہونے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔بربریت،فسطائیت، دہشت کا دوسرا نام اسرائیل ہے جو عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرکے فلسطین کی سرزمین پر قابض اور وہاں کے اصل باشندوں کی نسل کشی کررہا ہے لیکن اقوام عالم مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

اسلامی ممالک کی تنظیم اوآئی سی،یورپی یونین سمیت مہذب دنیا کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر صحیونی ریاست کی کھلی دہشتگردی اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کیخلاف مؤثر آواز اٹھائیں، اوآئی سی اور عرب ممالک فلسطین کی آزادی وہاں کے عوام کو ناجائز ریاست سے چھٹکارہ دلانے کی بجائے اپنے آقا امریکہ کے حکم پر تسلیم کیئے جارہے ہیں جو فلسطینیوں کے خون کی سودے بازی اور قبلہ اول سے دستبرداری کے مترادف ہے، عالمی برادری اور دنیا کے طاقتور ممالک اگر خطے میں امن چاہتے ہیں تو انہیں اسرائیلی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا اور کشمیر ،فلسطین کے دیرینہ مسائل کو فی الفور حل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے ہونگے۔

جماعت اسلامی دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر احتجاج،اپنے بھائیوں کی دادرسی کیلئے اقدامات کرے گی۔