وزیر اعلی محمود خان نے میرے مطالبہ پر برتونی منگرئ کو سیاحتی زون کا درجہ دے دیا ،لائق محمد خان

اتوار 7 اگست 2022 17:20

تورغر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2022ء) چیئرمین ڈیڈک کمیٹی تورغر لائق محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمود خان نے میرے مطالبہ پر برتونی منگرئ کو سیاحتی زون کا درجہ دلا کر علاقے میں ٹورزم کے فروغ کے لئے ہوٹل ریسٹورنٹس ریسٹ ہاؤسز سکول کالج رابطہ سڑکیں اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے پانچ ارب روپے کا پروجیکٹ منظور کرلیا ہے بہت جلد سروے شروع کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے منسیر پیزہ بڑی بیگ سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے تورغر سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ظفراللہ خان اے این پی بٹگرام کے سابق صدر یوسف خان وائس چیئرمین و دیگر نے بھی خطاب کیا لائق محمد خان کی آمد پر حلقے کے عوام نے شاندار استقبال کیا اور اور آئندہ انتخابات میں ان کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم دہرایا ۔

(جاری ہے)

لائق محمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تورغرمیں ماضی کے 35 سالوں میں عوام کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا اور علاقے کو پسماندگی کے اندھیروں میں رکھ کر ایک بادشاہ سیاہ و سفید کے مالک بنے رہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے الیکشن کے دوران جو وعدے کیے تھے ان پر عمل کر کے دکھا رہا ہوں ،میں نے گزشتہ چار سالوں میں ماضی کے 35 سالوں سے زیادہ ترقیاتی کام کیے ،اگلے ایک سال میں مزید اربوں روپے کے ترقیاتی کام کا جال پھیلاؤ گا ،میں نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام کر کے دکھائے ہیں سکول پانی ہسپتال روڈ ملازمتیں سب کام میں کر رہا ہوں تو ووٹ بھی میرا حق بنتا ہے جس دن حزب اقتدار آیا تو انشاءاللہ اتنے کام ہوں گے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تورغر میں بجلی منصوبوں کے لیے 22 کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا لیکن کیپٹن صفدر نے میرا فنڈز روک لیا ہے، لائق محمد خان بھی خاموش رہنے والا نہیں ،میں نے فنڈز روکنے کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔