محکمہ جنگلی حیات کا ایئر پورٹ پر چھاپہ ، دبئی سے آمدہ کبوتروں کی بڑی کھیپ برآمد

صوبہ کے کئی دیگر مقامات سے جنگلی طوطوںاور بٹیر کے شکاریوں سمیت 5 افراد گرفتار ، بھاری جرمانہ عائد

اتوار 7 اگست 2022 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2022ء) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ کی غیر قانونی شکار اور ناجائز اسمگلنگ کیخلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں بلاتفریق جاری ہیں اور ایسی ہی چند کارروائیوں کے دوران محکمہ نے لاہور ایئر پورٹ سے دبئی سے آمدہ کبوتروں کی ایک بڑی کھیپ برآمد کرنے سمیت جنگلی طوطوں اور بٹیر کے غیرقانونی شکار میں ملوث پانچ افراد گرفتار کئے اور ایک لاکھ گیارہ ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کیا ۔

تفصیل کے مطابق ایک خفیہ اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع لاہور بابر عمران نے اپنی چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ لاہور ائیرپورٹ پراچانک چھاپہ مار کردبئی سے آمدہ کبوتروںکی ایک بڑی کھیپ برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس نے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست دیکر مبلغ نوے ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ ادا کیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف بابر عمران نے ہی ضلع شیخوپورہ کے بارڈر بیلٹ ایریا سے جنگلی طوطوں کے شکا ر میںملوث ایک شخص کو گرفتار کرکے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر مبلغ بیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبہ کے دیگر مقامات ضلع بہاولنگر کی تحصیل فورٹ عباس ،ہارون آباد اور چشیتاںسے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی طوطوں اور بیٹر کے تین غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے ایک شخص سے مبلغ اکیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کیا تاہم دو مقدمات تاحال زیر التواء ہیں ۔