ةبجلی کے بلوں میں اضافہ اور ہوشربا مہنگائی نے غریبوں کا جینا دوبھر کردیا ہے : ذکر اللہ مجاہد

گ*حکمران اپنی شاہ خرچیاں اور پروٹوکول ختم کریں ،عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالیں سیاستدانوں کی آپس کی لڑائی نے ملکی معیشت کو تباہ اور نوجوانوں کی اخلاقیات کا بیڑا غرق کردیا ہے

اتوار 7 اگست 2022 20:20

, لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2022ء) جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام بجلی کے بلوں میں اضافہ، مہنگائی،لاقانونیت اور شہر میں کچراکنڈی کے خلاف ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد و دیگر قائدین نے کی ۔مظاہرین نے جماعت اسلامی کے پرچم اورکتبے اٹھا رکھے تھے ۔

مظاہرین نے احتجاجا بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا اور مہنگائی کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکمران پارٹیاں چور ہیں ،ہم غریب عوام بجلی کے بل ادا کریں یا بچوں کی روٹی پوری کریں ۔حکمران ظلم کا یہ راج بند کریں ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ اور ہوشربا مہنگائی نے غریبوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکمران اپنی شاہ خرچیاں اور پروٹوکول ختم کریں ،عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالیں ۔سیاستدانوں کی آپس کی لڑائی نے ملکی معیشت کو تباہ اور نوجوانوں کی اخلاقیات کا بیڑا غرق کردیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکسز کا خاتمہ کرکے بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لیا جائے ۔عوام پہلے ہی مہنگائی سے سخت پریشان ہیں ۔شہر میں بدامنی اور لاقانونیت کا راج ہے ۔

صفائی کے ناقص انتظام سے ہر طرف کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور بارش کے پانی سے محلے ،گلیاں اور بازار جوہڑ کی شکل اختیار کرگئے ہیں ،تعفن اور بدبو سے لوگوں کیلئے گھروں میں رہنا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور ،اب جاگ میرے لاہو رمہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز کررہی ہے تاکہ سوئے ہوئے حکمرانون کو جگایا اور لاہور کو کراچی بننے سے روکا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اب جاگ میرے لاہور مہم کے تیسرے مرحلے پر 17اگست کو لیسکوہید کوارٹر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ،چوہدری محمود الاحد ،عبد العزیز عابد،خالد احمد بٹ ،غلام حسین بلوچ ،احمدسلمان بلوچ ،خبیب نذیر اے ڈی کاشف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے