/ پہلی دستور ساز اسمبلی کے قیام کے 75سال مکمل ہونے پر 10س تا14اگست خصوصی تقریبات کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری

اتوار 7 اگست 2022 20:40

ذ*اسلام آباد 7اگست 2022:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے 75 سال مکمل ہونے پر دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی منائی جارہی ہے۔ ڈائمنڈ جوبلی کا موضوع ٍٍ ’’میرا پارلیمان-رہبرترقی و کمال‘‘ ہے۔ ڈائمنڈ جوبلی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے 10سے 14 اگست 2022تک پارلیمنٹ ہاوس میں مختلف تقریبات کے انعقاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں 10اگست، 1947 کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہے کیونکہ اس دن پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا آغاز 10 اگست کو تصویری نمائش جس کا موضوع ’’ترجمان ماضی شان حال ‘‘ ، پارلیمانی تاریخ سے متعلق نامورمصوروں کے فن پاروں کی نمائش جس کا موضوع ’’پاک سر زمین شاد باد‘‘ اور پارلیمانی تاریخ سے متعلق کتب کی نمائش جس کا موضوع ’’ قوم ملک سلطنت‘‘ ہے کے افتتاح سے ہوگا۔

(جاری ہے)

ان نمائشوں میں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، پارلیمان اور ا?ئین کی بالادستی کے لیے اراکین پارلیمنٹ کی کاوشوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاوس میں قائد اعظم محمد علی جناح،پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان سمیت پاکستان کے سابق وزرائے اعظم ،صدور اور غیر ملکی سربراہان مملکت کے پارلیمان سے خطابات اور پارلیمانی تاریخ جس کا موضوع ’’ ترجمان ماضی شان حال‘‘ کو ایس ایم ڈیز (SMDs)پر دیکھایا جائے گا۔

11 اگست کو اقلیتوں کے عالمی دن کی مناسبت سے’’ اقلیتی کنونشن‘‘ منعقد کیا جائے گا جس میں ملکی تعمیر وترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔اجلاس کا موضوع’’پاک سرزمین کا نظام، قوت اخوت عوام‘‘ ہے۔ اس کنونشن میں ملک بھر سے اقلیتی برادری کے قائدین، نمائندوں اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین پارلیمنٹ کو مدعو کیا جا ئے گا۔

اسی روز ’’مرکز یقین شاد باد‘‘ کے موضوع سے خواتین اراکین پارلیمنٹ کا خصوصی کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا۔ملک کے مستقبل کو روشن و تابناک بنانے میں نوجوانوں/بچو ں کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے 12 اگست کو ‘‘عزم عالی شان’’کے موضوع پر خصوصی کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف سرکاری و نجی سکولوں کے بچوں سمیت سٹریٹ چلڈرن اور سویٹ ہوم کے 14 سال سے کم عمر بچے شرکت کریں گے۔

13اگست کو ایک خصوصی پارلیمانی کنونشن منعقد کیا جائے گا جو 13اگست کی شام سے لے کر 14اگست کی نصف شب تک جاری رہے گا۔کنونشن کا موضوع ’’سایہ خدائے ذوالجلال‘‘ہے اور اس اجلا س میں سابق اسپیکرز ، ڈپٹی اسپیکرز، سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔ کنونشن کے انعقاد کا مقصد جمہوریت کے استحکام اور جمہوری نظام کے تسلسل کی اہمیت اور افادیت کو اجا گر کرنا ہے۔

پاکستان کی پا رلیمانی تاریخ کے سرکردہ اراکین پارلیمنٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جا ئے گی جس میں پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے اراکین پارلیمنٹ کو ڈائمنڈ جوبلی یادگاری میڈل سے نوازا جائے گا۔اس تقریب میں سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔

چار روزہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے مو قع پر پارلیمنٹ ہاوس کی عمارت اور راہداریوں کو برقی قمقموں سے سجایا جا ئے گا اور آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ ان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا مقصد گزشتہ75سالوں کے دوران ملکی تعمیر وترقی میں پارلیمان کے کردار اور اراکین پارلیمنٹ کی خدمات کو اجاگر کرنا اور جمہوریت و جمہوری اقدار کو فروغ دینا اور عوام خصوصا نوجوان نسل کو پارلیمانی نظام حکومت،قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پارلیمان کے کردار اور افادیت سے روشناس کرانا ہے۔