آئی جی پنجاب کی بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی اور سہولیات کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت

اتوار 7 اگست 2022 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے سالانہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سکیورٹی اور سہولت کیلئے بہترین انتظامات جاری رکھے جائیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سکیورٹی پر تعینات ملازمین اپنی ڈیوٹی جذبہ خدمت اور عوامی تحفظ کے ساتھ ادا کریں اور خواتین و بزرگ زائرین کی سہولت کیلئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ عرس حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کے ساتھ ساتھ عشرہ محرم کے سکیورٹی انتظامات کو مد نظر رکھا جائے اور تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بھرپور اقدمات کئے جائیں اور وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت کی محرم سکیورٹی کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ حساس مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور فضائی نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور سپروائزری افسران علمائے اکرام ، امن کمیٹیوں ، سول سوسائٹی اور تمام مکاتب فکر کی شخصیات کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی جگہ نقص امن کا مسئلہ پیش نہ آسکے ۔