آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس، عاشورہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس اور مجالس کے لئے سکیرٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ، 2200 پولیس اہلکار، کمانڈوز سنائپرز سکیورٹی پر تعینات ہوں گے

اتوار 7 اگست 2022 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2022ء) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں عاشورہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس اور مجالس کے لئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی، نویں محرم الحرام کے جلوس کی سکیورٹی پر2200 پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے، جلوس کے راستے میں آنے والی تمام عمارتوں کی چھتوں پرکمانڈوز اور سنائیپرز تمام ضروری سامان کے ساتھ تعینات ہوں گے، فرنٹ لائن میں بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جلوس کے راستوں میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے روبوٹ کے ذریعے تمام ترعلاقے کی سرچنگ پر تعینات ہوگا۔

اتوار کو منعقدہ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کہا کہ نویں محرم الحرام کی سکیورٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تمام متعلقین جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بر وئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جلوسوں/ مجالس کی نگرا نی سیف سٹی وڈرونز کی مدد سے کی جائے گی، مرکزی کنٹرول روم سیف سٹی اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہریو ں کی حفاظت اولین تر جیح ہے، محرم الحرام کے تمام ترسکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنزسہیل ظفر چٹھہ خود کریں گے۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کی امام بارگاہوں اور برآمد ہونے والے جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ جلوسوں کے راستوں میں آنے والی چھوٹی بڑی تمام گلیوں اورغیرضروری راستوں کو خار دارتاروں کے ذریعے بند کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایس پی ٹریفک یقینی بنائیں گے کہ گاڑیوں کی پارکنگ امام بارگاہوں سے دورہو، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستے میں آنے والی تمام بلڈنگ کی چھتوں پرکمانڈوز اور سنائیپرز کو تمام ضروری سامان کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔

آئی جی نے کہا کہ جلوس کے فرنٹ لائن میں بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جلوس کے راستوں میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے روبوٹ کے ذریعے تمام ترعلاقے کی سرچنگ کرے گا، جلوس میں شامل ہونے والے تمام عزاداران بغیر چیکنگ کے جلوس میں شامل نہ ہوں۔ اسلام آباد جلوس میں شامل ہونے والی خواتین کیلئے الگ راستے اور انکی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار تعینا ت کی جائیں گی، سکیورٹی انتظامات میں کوتاہی اور لاپرواہی ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی۔