یوم عاشورپر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں، چوہدری لطیف نذر

پیر 8 اگست 2022 10:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس پنجاب وانچارج محرم الحرام انتظامات ضلع فیصل آباد علی افضل ساہی اور صوبائی وزیر مائینز اینڈ منرلز چوہدری لطیف نذرنے کہا کہ کل (منگل کو)یوم عاشور کے موقع پر حکومت کی طرف سے عاشورہ کے حوالے سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمدکرایا جا ئےگا۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں جن پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیلئے تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جو تحفظ عامہ کیلئے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کی سخت مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ یوم عاشورکے تقدس پر آنچ نہ آئے نیز متعلقہ حکام پر بھی واضح کردیا گیا ہے کہ یوم عاشورپر حفاظتی انتظامات میں معمولی سی بھی لغزش کی گنجائش نہیں لہٰذا تعزیہ وذوالجناح کے جلوسوں ومجالس کیلئے ہر زاویے سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

یوم عاشور کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ حساس جلوسوں ومجالس اور فلیش پوائنٹس پر اضافی سٹاف کی تعیناتی کی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ وپولیس کے سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر تمام امور پر گہری نظر رکھیں گے۔انہوں نے بتایاکہ عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے ساتھ انہیں چوکس رکھا جائے گا اور تمام تر آلات ہر لحاظ سے فعال ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ کنٹرول روم سے حفاظتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور مختلف محکموں کا سٹاف رپورٹ ہونے والے کسی بھی واقعہ پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرے جبکہ سامنے آنے والے مسئلہ کے ازالہ میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ آج ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا اور ڈاکٹرز وپیرا میڈیکس سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادویات کا بھی خاطر خواہ بندوبست ہوگا۔

صوبائی وزرا نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پریوم عاشورکے اختتام تک محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے جنہیں کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔صوبائی وزرا نے امن وامان کے قیام کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کی جاری کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علما کرام کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں جن کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن کا قیام ہردلعزیز ہے جبکہ دین اسلام بھی سب کوبھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عاشورہ کے موقع پر 1281 جلوس اور 444 مجالس منعقد ہورہی ہیں جن کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے اس سلسلہ میں امن کمیٹی کے ارکان اور تمام مسالک کے علما کے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔